ڈیرن سیمی پاکستان کی شہریت حاصل کرتے ہی لاکھوں روپے کے مقروض ہو جائیں گے

سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے جاری، صارفین کی رائے میں چونکہ ہر پاکستان اس وقت 1 لاکھ 90 ہزار روپے کا مقروض ہے اس لیے ویسٹ انڈین کرکٹر بھی پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرتے ہی مقروض ہو جائیں گے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 22 فروری 2020 19:39

ڈیرن سیمی پاکستان کی شہریت حاصل کرتے ہی لاکھوں روپے کے مقروض ہو جائیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 فروری2020ء) ڈیرن سیمی پاکستان کی شہریت حاصل کرتے ہی لاکھوں روپے کے مقروض ہو جائیں گے، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے جاری، صارفین کی رائے میں چونکہ ہر پاکستان اس وقت 1 لاکھ 90 ہزار روپے کا مقروض ہے اس لیے ویسٹ انڈین کرکٹر بھی پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرتے ہی مقروض ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی ویسٹ انڈیزکرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈرین سیمی کو ان کی پاکستان میں کرکٹ کے حوالے سے گراں قدر خدمات پر 23 مارچ کو پاکستان کی اعزازی شہریت اور اعلیٰ سول ایوارڈ سے نوازیں گے۔

پی سی بی کے اس اعلان کے بعد سے سوشل پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جہاں پاکستانیوں کی اکثریت اس اعلان سے بہت خوش دکھائی دیتی ہے، تو وہیں کچھ سوشل میڈیا صارفین کچھ طنز و مزاح کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کچھ صارفین نے پی سی بی کا اعلان سنتے ہی کہا کہ ڈیرن سیمی جلد ہی مقروض ہونے والے ہیں۔ چونکہ کہا جاتا ہے کہ ہر پاکستانی اس وقت 1 لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ہے، اس لیے ڈیرن سیمی بھی جیسے ہی پاکستانی پاسپورٹ حاصل کریں، وہ بھی مقروض ہو جائیں گے۔

ان صارفین نے اپنے دلچسپ تبصروں کے ساتھ یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ باتیں صرف طنز و مزاح کی نیت سے کی جا رہی ہیں، انہیں سنجیدگی سے نہ لیا جائے۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ کرکٹر ڈرین سیمی پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن سے پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کی نہ صرف نمائندگی کرتے ہیں بلکہ کپتان بھی ہیں۔ وہ پی ایس ایل ون سے لیکر پی ایس ایل فائیو تک مستقل طور پر پشاور زلمی کے پانچویں مرتبہ کپتان نامزد کئے گئے ہیں۔

دریں اثناء پشاور زلمی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں سب سے کلیدی کردار اور پاکستان سے محبت کے اعتراف میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کے لیے اعزازی شہریت اور اعلی ترین سول ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ ڈیرن سیمی کی پاکستان کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں ، شہریت اور اعلی ترین سول ایوارڈ ڈیرن سیمی اور پشاور زلمی کے لیے باعث اعزاز ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں سب سے کلیدی کردار اور پاکستان سے محبت کے اعتراف میں صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کے لیے اعزازی شہریت اور اعلی ترین سول ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹویٹ کیا کہ صدر مملکت کی جانب سے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان کرکٹ کے بے پناہ خدمات پر اعزازی شہرت اور اعلی ترین سول ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان سے محبت کرنیوالے ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت ملنا پشاور زلمی اور پاکستان کے تمام کرکٹ شائقین کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی کو پاکستان کا اعلی ترین سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ صدر مملکت کا حقیقت میں کرکٹ اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کے جذبات و احساسات کی عکاس ہے۔بلاشبہ اس مرد میدان کی خدمات پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لئے ناقابل فراموش ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں یہ اعزاز پشاور زلمی کے حصے میں آیا کہ اسکے کپتان ڈیرن سمی کو حکومت پاکستان کی جانب سے اعلے ترین سول ایوارڈ سے نوازا گیا۔ہم اپنے چاہنے والوں اور حکومت پاکستان کے اس عزت کے لئے شکر گزارہیں۔ پی ایس ایل ٹو کے فائنل میں پشاور زلمی کا پورا اسکواڈ ڈیرن سیمی کی قیادت میں لاہور آیا تھا اور اس فائنل میں جہاں پشاور زلمی نے تاریخی کامیابی حاصل کی تھی وہیں ڈیرن سیمی اور پشاور زلمی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا بڑا قدم رکھاتھا۔ ڈیرن سیمی اپنی پشتو اور اردو ٹویٹس کے ذریعے پاکستانی شائقین کے دل میں بستے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمین بنانے والے ڈیرن سیمی کو ان کے پاکستانی شائقین ڈیرن سیمی خان کے نام سے پکارتے ہیں۔