عمران خان کی بہتر حکمت عملی اور سخت فیصلوں کیوجہ سے ملک میںبہت جلد خوشحالی کا دور آنے والا ہے،پرویز خٹک

ہفتہ 22 فروری 2020 19:58

عمران خان کی بہتر حکمت عملی اور سخت فیصلوں کیوجہ سے ملک میںبہت جلد خوشحالی ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2020ء) وفاقی وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے واضح کر دیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی بہتر حکمت عملی اور سخت فیصلوں کیوجہ سے ملک میں بہت جلد خوشحالی کا دور آنے والا ہے ، اس کے نتیجے میں پاکستان کو بیرونی دنیا کے قرضوں سے نجات مل جائیگی۔ہفتہ کی شام سلیم خان صوابی میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بد قسمتی یہ ہے کہ اپوزیشن حکومت پر بے جا الزامات و تنقید تو کرتی ہے لیکن مثبت تجاویز نہیں دیتی، اپوزیشن کو چاہئے کہ وہ مثبت تنقید کا راستہ اپنائے اگر غلطی ہو گی تو اس کا ازالہ کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک زبر دست لیڈر ہے ان جیسے فیصلے کوئی نہیں کر سکتا جب کوئی شخص ادھار لیتا ہے تو مجبوراً اپنے گھر اور جائیداد کو فروخت کریگا یہی حال ہمارے پاکستان کا بھی ہے کیونکہ ماضی کی حکومتوں نے بیرونی دنیا سے قرضے لے کر پاکستان کا بیڑہ غرق کر دیا ،جب پی ٹی آئی کی حکومت اقتدار میں آئی تو ہمیں تباہ حال پاکستان ملا تھا لیکن عمران خان جو کہ ایک زیرک سیاستدان ہیں اس نے سخت فیصلے کر کے ملکی معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کیا، بہت جلد مشکلات و بحرانوں کا خاتمہ ہو جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ملک میں دہشت گردی اور قرضے چھوڑے تھے جس سے پاکستان عالمی سطح پر بد نام ہوا تھا ، ملک صحیح سمت جارہا ہے ہمیں تباہ حال معیشت ورثے میں ملی ہے اپوزیشن تنقید کر تی ہے لیکن حکومت کو اچھا راستہ دکھانے کے علاوہ تجاویز نہیں دیتی ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے عام انتخابات میں اپوزیشن کو مسترد کیا ،گذشتہ حکومتوں نے تیس ارب ڈالر قرضے لئے تھے موجودہ حکومت یہ قرضے سود کے ساتھ ادا کر رہی ہے، اب اپوزیشن ہماری حکومت پر الزام لگا رہی ہے کہ بیرونی ممالک سے قرضے لئے ۔

انہوں نے کہا کہ پورے صوبے کے عوام کو صحت انصاف کارڈ دیئے جائیں گے، وزیر اعلی محمود خان خیبر پختونخوا کی صحیح معنوں میں خدمت کر رہے ہیں ہمیں اپنے وزیر اعظم عمران خان پر بھر پور اعتماد ہے کہ وہ ملک کو صحیح راستے پر گامزن کریگا۔