افغانستان میں امن اور وہاں تجارت کو فروغ دینا ہماری خواہش ہے،اسد قیصر

ہفتہ 22 فروری 2020 19:58

افغانستان میں امن اور وہاں تجارت کو فروغ دینا ہماری خواہش ہے،اسد قیصر
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2020ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن اور وہاں تجارت کو فروغ دینا ہماری خواہش ہے،ہم چاہتے ہیں کہ سنٹرل ایشیاء تک پاکستان کو موٹر وے کے ساتھ منسلک کیا جا سکے تاکہ وسطی ایشیاء کے ساتھ بھی تجارت کو فروغ مل سکے، افغانستان کی صورتحال سے متعلق بہت جلد ایک سمینار کا انعقاد کیا جائیگا جس میں ٹیکنو کریٹ اور سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلیم خان صوابی میں جلسے سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اسد قیصر نے کہا کہ افغانستان میں امن اور وہاں تجارت کو فروغ دینا ہماری خواہش ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ سنٹرل ایشیاء تک پاکستان کو موٹر وے کے ساتھ منسلک کیا جا سکے تاکہ وسطی ایشیاء کے ساتھ بھی تجارت کو فروغ مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال سے متعلق بہت جلد ایک سمینار کا انعقاد کیا جائیگا جس میں ٹیکنو کریٹ اور سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ چکدرہ موٹر وے کو چترال تک اور پشاور سے ڈی آئی خان تک موٹر وے کو سی پیک کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے منظوری دی گئی ہے جس سے خیبر پختونخوا ایک رول ماڈل صوبہ بن جائیگا ۔یہاں نہ صرف ترقی بلکہ خوشحالی آئے گی ،رشکئی کے مقام پر اکنامک زون کے قیام سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہو ں گے ، یہ پی ٹی آئی حکومت کا نوجوانوں کیلئے ایک بہت بڑا اور پہلا تحفہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر تمباکو کے کاشتکاروں کو عملی ریلیف دیا گیا جن کا ماضی میں استحصال ہو رہا تھا ،اب کوئی بھی زمینداروں کا استحصال نہیں کریگا،ہم مانتے ہیں کہ ملک کو سخت معاشی مشکلات کا سامنا ہے لیکن عمران خان جو کچھ کر رہے ہیں وہ اپنے لئے نہیں کر رہے بلکہ سب کچھ ملک اور عوام کیلئے کر رہے ہیں۔ اس وقت وزیر اعظم عمران خان واحد آپشن ہیں، عمران خان نے سخت فیصلے کر کے ملک کو معاشی بحران سے نکالا۔

پانچ سال بعد عوام ووٹ کے ذریعے ہمارا احتساب کرینگے اور سب کو پتہ چلے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے ساتھ کسی قسم کی نا انصافی نہیں ہونے دینگے، اب تمباکو کے فصل کا پورا منافع کسانوں کو مل رہا ہے، اقتدار میں آکر پہلی فرصت میں گیس کی فراہمی کیلئے ایک ارب چالیس کروڑ روپے مختص کرکے اس پر عملی کام کیا جبکہ مزید ایک ارب 80کروڑ روپے منظور کر لئے گئے ہیں۔ صوابی کا کوئی گھر گیس کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا،انہوں نے کہا کہ بجلی کی مد میں 220کے وی گرڈ اسٹیشن منظور کر دیا گیا ہے جس کے قیام سے بجلی وولٹیج کا مسئلہ ختم ہو جائیگا ۔ غازی بروتھا کی شکل میں دریائے سندھ کا جو پانی چھینا گیا ہے اس کیلئے ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے اور یہ حق حاصل کر کے رہیں گے۔