مریم نواز کے راستے میں وفاقی کابینہ رکاوٹ ہی: شیخ رشید

مہنگائی پر قابو نہ پایا تو پھر حکومت کو سوچنا ہوگا پاکستان کے لوگ ہمارے رشتہ دار نہیں

ہفتہ 22 فروری 2020 21:13

مریم نواز کے راستے میں وفاقی کابینہ رکاوٹ ہی: شیخ رشید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی زیر صدارت ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں فریٹ ،پسنجر ٹرینوں سے آمدن ،ریلوے کی زمینوں اور مالی معاملات زیر بحث آئے ۔ اجلاس میں سیکرٹری ریلوے حبیب الرحمان گیلانی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے دوست علی لغاری، آئی جی ریلوے مشتاق مہر، ممبر فنانس لیاقت علی میمن سمیت تمام پرنسپل افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں مسافروں کو کیٹرنگ سروس ،پک اینڈ ڈراپ اور دیگر سہولیات مہیا کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی حکومت کی اپوزیشن ہے اور اگر حکومت نے مہنگائی پر قابو نہ پایا تو پھر حکومت کو سوچنا ہوگا کہ پاکستان کے لوگ ہمارے رشتہ دار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز کے راستے میں وفاقی کابینہ رکاوٹ ہے۔

وزیراعظم عمران نہیں چاہتے کہ چور اور ڈاکو پاکستان سے باہر جا کر موجیں کریں۔ مریم کے جانے میں ان کے گھر کے مسائل بھی آڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اب جلسہ کرنے کے لئے آئیں گے تو ہم انکا خیر مقدم کریں گے اور انہوں نے دھرنا دیا تو وہ خود دھر لئے جائیں گے۔ محکمہ ریلوے سے متعلق سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ریلوے کی بوگیوں کو بہتر بنا رہے ہیں۔ جس سے عوام کو سفر کی بہتر سہولتیں ملیں گی۔ ریلوے کا خسارہ ختم کرنے کے لئے ہماری پنشن بھی حکومت اپنے ذمہ لے لے، ہمیں اپنا بجٹ خود بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 24 فروری کو وہ لاہور گوجرانوالہ شٹل ٹرین کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں دونوں اطراف سے روزانہ چھ ٹرینیں چلا کریں گی۔