پی ایس ایل میں کل مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گا

ہفتہ 22 فروری 2020 21:33

پی ایس ایل میں کل مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2020ء) پاکستان سپر لیگ میں ک (بروز اتوار ) مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گا، کراچی کنگز اور دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ نیشنل سٹیڈیم جبکہ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی، پی ایس ایل فائیو کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، اتوار کی دوپہر لیگ کا چھٹا میچ کراچی کنگز اور دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، کراچی کنگز عماد وسیم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ اسے بابر اعظم، کرس جورڈن، محمد عامر اور کیمرون ڈیلپورٹ کی خدمات حاصل ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کے فرائض سرفراز احمد انجام دیں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شین واٹسن، جیسن رائے، احمد شہزاد اور فواد احمد شامل ہیں، قذافی سٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں پنجہ آزما ہوں گی، قلندرز کی ٹیم سہیل اختر کی قیادت میں اپنا پہلا میچ ملتان سلطانز کے ہاتھوں ہار چکی ہے، اس ٹیم میں فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، ڈیوڈ ویزے اور کرس لین شامل ہیں، دو بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ ٹورنامنٹ میں پہلی فتح کی تلاش میں شاداب خان کی قیادت میں میدان میں اترے گی، لوک رونکی، کولن منرو، ڈیوڈ میلان اور کولن انگرام جیسے جارح مزاج بلے باز اس ٹیم میں موجود ہیں جبکہ بائولنگ میں محمد موسیٰ، فہیم اشرف اور عماد بٹ سے امیدیں وابستہ ہیں۔