پی ایس ایل 5، ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 164رنز کا ہدف دیدیا

ذیشان اشرف کی نصف سنچری،عماد بٹ کے4 شکار

ہفتہ 22 فروری 2020 20:50

پی ایس ایل 5، ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 164رنز ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے تیسرے روز کے دوسرے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو کامیابی کے لیے 164رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں شاداب خان نے ٹاس جیتا اور گزشتہ روز لاہور قلندرز کو اسی میدان میں شکست دینے والی ملتان سلطانز کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز کپتان شان مسعود اور جیمز وِنس نے کیا، 41 کے مجموعی سکور پر شان مسعود 21 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد معین علی کریز پر آئے جنہوں نے جیمز ونس کے ساتھ مل کر ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا لیکن 10ویں اوور میں 69 کے مجموعے پر وہ بھی ہمت ہار گئے اور اونچا شاٹ مارنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 10 رنز بنائے تھے۔

(جاری ہے)

عماد بٹ کے اسی اوور میں رلی روسوو اپنی پہلی ہی گیند پر اسی پوزیشن پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔جیمز ونس بھی 31 گیندوں میں 42 رنز بنانے کے بعد عماد بٹ کا شکار بن گئے، اس وقت سلطانز کا مجموعی سکور 87 رنز تھا،خوشدل شاہ کی باری کاخاتمہ7رنز پر ہوا جبکہ شاہد آفریدی ایک چھکے کی مدد سے 11 رنز بنا کر پوویلین لوٹے، سہیل تنویر نے دو چوکے لگائے جسکے بعد وہ 10 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے، ذیشان اشرف 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے نصفس سنچری مکمل کرنے کے بعد فہیم اشرف کا شکار بنے۔

ملتان سلطانز کا وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 111 کے مجموعے پر خوشدل خان بھی وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز نے اپنے اپنے افتتاحی میچوں میں کامیابی سمیٹتے ہوئے قیمتی پوائنٹس حاصل کیے تھے تاہم پشاور زلمی نے اپنے دوسرے میچ میں کوئٹہ کو شکست دے کر پہلی فتح حاصل کرلی اور اب اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز بھی اپنے دوسرے میچ میں مدمقابل ہیں۔خیال رہے کہ افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3وکٹوں سے شکست دی تھی۔دوسری جانب ملتان سلطانز نے اپنے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی اور لاہور قلندرز کو باآسانی 5وکٹوں سے ہرا کر قیمتی پوائنٹس حاصل کیے تھے۔