Live Updates

تحریک انصاف ملک میں انصاف اور میرٹ پر مبنی معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں ہے،پرویز خٹک

ہفتہ 22 فروری 2020 23:19

تحریک انصاف ملک میں انصاف اور میرٹ پر مبنی معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2020ء) وفاقی وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ تحریک اصاف ملک میں انصاف اور میرٹ پر مبنی معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں ہے، تحریک انصاف کے اتحادی کہیں نہیں جارہے ہیں، معلوم نہیں کے اتحاد یوں کے حوالے سے حکومت سے زیادہ اپوزیشن کو کیوں فکر لاحق ہے ،کوئی کتنا ہی شور وشرابہ کرے یا آسمان سر پر اٹھائیں ،حکومت پانچ سال کی آئینی مدت پوری کرے گی۔

غریب عوام کے اچھے دن آنے والے ہیں ،معاشی بحران کے بعد اب وزیر اعظم عمران خان کی توجہ مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کے خاتمے پر ہے، آنے والے مالی سال میں وزیر اعظم عمران خان غریب عوام کو مفت تعلیم ،مفت صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے جس کی پاکستان کے آئین نے ضمانت دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مجھے بہت بڑی ذمہ داریاں سونپی ہیں اور میں اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اپوزیشن میں شامل تمام دینی وسیاسی جماعتیں بمشول اتحادیوں کے میری عزت کرتے ہیں۔

نہوں نے کہا کہ حکومت وسائل کی ایک ایک پائی منصفانہ طور پر تقسیم کررہی ہے، میرے مخالفین مجھ پر الزام لگارہے ہیںکہ میں نے ضلع نوشہرہ کی سیاست پر قبضہ کرلیا ہے، یہ ان کی غلط فہمی ہے، میں نے نوشہرہ کی سیاست پر نہیں بلکہ عوام کے دلوں پر قبضہ کرلیا ہے ۔ وہ اضاخیل پایان ٹیوب ویل کورونہ کو اٹھ کلو میٹر سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب کے بعد ملک قوی اللہ خان کے ہجر ے میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر قومی اسمبلی میں مجلس قائمہ برائے توانائی وقدرتی وسائل کے چیرمین ڈاکٹر عمران خٹک ،اسحاق خٹک ،سابق ضلعی کونسلر ملک خان بشر اور ممریز خان نے بھی خطاب کیا ۔پرویز خان خٹک نے کہا کہ ملک انتہائی نازک صورتحال سے گزررہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی بہتر خارجہ اور داخلہ پالیسوں کی بدولت دنیا میں پاکستان کے وقار میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے، ملک میں بڑی حدتک معاشی بحران پر قابو پالیاگیا ہے، اب حکومت کی توجہ غریب عوام کی حالت زندگی کو بہتر بنانے پر مرکوز ہوچکی ہے۔

اپوزیشن کو خطرہ ہے کے اگر وزیراعظم عمران خان اسی سپیڈ سے آگے بڑھے گے تو مستقبل میں ان کی سیاست ختم ہوکر رہ جائے گی۔ ماضی میںسیاسی جماعتوں نے باریاں بانٹ کر قرضوں پے قرضے لے کر لوٹ مار اور کرپشن کرکے پیسہ بیرونی ممالک منتقل کرکے تجوریاں بھریں، ان کی غلط پالیسوں کی وجہ سے آج پاکستان کے عوام کئی بحرانوں سے دوچار ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کے عوام ایسے سیاسی جادوگروں سے ہوشیار رہے جو الیکشن کے وقت ڈگڈگیاں بجا کر عوام کو دھوکا دیتے ہیں اور انتخابات کے بعد نظر نہیں آتے ۔

پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن تھوڑا سا انتظار کریں، جس تبدیلی کے نعرے پر ہمیں عوام نے ووٹ دیا ہم اپنے منشور کا ایک ایک وعدہ عوام کے ساتھ پورا کریں گے، حکومت کہیں نہیں جارہی، اپوزیشن خود ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، پرویز خٹک نے اضاخیل پایان کے عوام کے تمام مطالبات پورے کرنے کا بھی اعلان کیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات