پاکستان کی جانب سے چین کو بھجوائی گئی گولیاں کرونا وائرس کے خلاف موثر ثابت ہونے لگیں

وطن عزیزنے وائرس کے خلاف تین لاکھ سے زائد گولیاں فراہم کیں، جن کو چین نے مختلف فارمیسوں پر منتقل کردیا

Usama Ch اسامہ چوہدری ہفتہ 22 فروری 2020 21:40

پاکستان کی جانب سے چین کو بھجوائی گئی گولیاں کرونا وائرس کے خلاف موثر ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 22 فروری 2020) : پاکستان کی جانب سے چین کو بھجوائی گئی گولیاں کرونا وائرس کے خلاف موثر ثابت ہونے لگیں، وطن عزیزنے وائرس کے خلاف تین لاکھ سے زائد گولیاں فراہم کیں، جن کو چین نے مختلف فارمیسوں پر منتقل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق اکنامک ڈیلی میں چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این) کے ذریعے 21 فروری کو ایک آرٹیکل شائع ہوا جس میں کہا گیا کہ پاکستان کے پاس’کوویڈ 19‘ موجود ہے جو کہ کرونا وائرس کے لئے موثر دوا ہے اور چین کو تین لاکھ سے زائد گولیاں فراہم کردی گئیں ہیں۔

اس کے بعد تقریبا دس ہزار تبصروں میں چینی باشندوں کی جانب سے پاکستانی دوستوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس دلچسپی کا بھی اظہار کیا گیا کہ انکو یہ گولیاں کس نے فراہم کیں؟
بیس فروری کو، یہ خبر دیکھنے کے بعد کہ بائیر چین کے آفیشل ویبو اکاؤنٹ میں کہا گیا کہ اس نے رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان نے ’کلوروکین فاسفیٹ‘ کی گولیوں کی ہنگامی طور پر فراہمی کردی تھی۔

(جاری ہے)

چین کے سرکاری ویبو اکاؤنٹ نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تین لاکھ میں سے دو لاکھ گولیاں گوانگ دواسازی ہولڈنگز لمیٹڈ (جی پی ایچ ایل) کو بغیر کسی رقم کے مہیا کردی گئیں ہیں۔ اس سے قبل اکنامک ڈیلی نے اطلاع دی تھی کہ 5 فروری کو، جی پی ایچ ایل نے پہلے مختلف چینلز کے ذریعے پاکستان میں کلوروکین فاسفیٹ کی پندرہ ہزار گولیوں کی خریداری کی تھی اور پھر مزید دو لاکھ گولیاں بھی خریدیں تھیں۔

دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا کہ چین میں کورونا وائرس کے 2 جیلوں میں 234 کیسز سامنے آئے ہیں اور تمام کیسز وائرس کے مرکزی صوبہ ’ہوبئی‘ سے باہر کے ہیں جس کی وجہ سے ذمہ داروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ خوفناک وائرس کے کیسز چین کے شمالی صوبہ’ شاسڈونگ‘ اور مشرقی صوبہ ’ڑجیانگ‘ کی جیلوں میں رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبہ ہوبئی کے باہر وائرس کے نئے کیسز کی تعداد 258 تک پہنچ گئی ہے۔

ہوبئی کے بعد چین میں یہ وہ مقام ہیں جہاں وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔جنینگ شہر میں ’رین چینگ‘ جیل میں موجود تمام افراد میں سے 207 میں وائرس کی تشخیص کردی گئی جس کے بعد حکام کی جانب سے شانڈونگ میں صوبائی محکمہ انصاف کے چیف کو برطرف کردیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ 13 فروری کو جیل میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا جس میں ایک جیل افسر میں وائرس کی تصدیق کی گئی تھی۔

اسی اثناء میں جیل کے 7 اہلکاروں کو بھی برطرف کردیا گیا ہے۔شانڈونگ میں صوبائی حکومت کے نائب جنرل سیکرٹری یوچینگ ہینے میڈیا کو بتایا کہ وائرس کو روکنے میں مختلف شعبوں نے ناقص کارکردگی دکھائی اور اسے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات بھی نہیں کیے جس کی وجہ سے یہ اتنی تیزی سے پھیلا۔شانڈونگ میں شعبہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ’جنینگ‘ میں مریضوں کے علاج کے لیے اسپتال قائم کردیا گیا ہے جبکہ جیل میں قیدیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں علاوہ ازیں واقعے کی تحقیقات کے لیے حکومت کی ٹیم بھی بھیج دی گئی ہے۔