پنجاب کے شہر شہر جائوں گا،عوام کو مہنگائی اور حکمرانوں کے معاشی استحصال کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ‘ بلاول بھٹو

کوئی تو وجہ ہے لوگ سندھ میں ہمیں ووٹ دیتے ہیں ،تینوں صوبوں کے وزرائے اعلی سے زیادہ منصوبے ہمارے وزیر اعلی نے مکمل کیے

ہفتہ 22 فروری 2020 23:24

پنجاب کے شہر شہر جائوں گا،عوام کو مہنگائی اور حکمرانوں کے معاشی استحصال ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ کوئی تو وجہ ہے کہ لوگ سندھ میں ہمیں ووٹ دیتے ہیں ،تینوں صوبوں کے وزرائے اعلی سے زیادہ منصوبے ہمارے وزیر اعلی نے شروع اور مکمل کیے،ہمارے کیسز سندھ کے ہیں لیکن ٹرائل رالوپنڈی میںہوتاہے،پیپلز پارٹی کو صحافی عزیز میمن کا قاتل قرار دینا قابل افسوس ہے۔

بلاول ہائوس میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی تو گزشتہ بجٹ سے یہ چاہ رہی ہے کہ حکومت سے جان چھوٹ جائے۔سندھ حکومت کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے،کتے پورے ملک میں کاٹ رہے ہیں شور صرف سندھ کا ہو رہا ہے،کتے کاٹنے کی ویکسین پورے ملک میں کم ہے صرف سندھ میں ہی کمی نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے گورننس کے مسائل ہو سکتے ہیں،لوگ سندھ میں ہمیں ووٹ دیتے ہیں اس کی کوئی تو وجہ ہے،ہر ڈسڑکٹ میں این آئی سی وی ڈی جیسا ہسپتال ہوگا،ہم اس طرح میڈیا میں اس کو نہیں بتا سکے جیسے 2013ء میں میٹرو بس کی مہم چلی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق نے احساس پروگرام کو بہت بڑھا کے پیش کیا،ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو اس طرح چلایا کہ لاکھوں لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے،یورپی یونین نے اس پروگرام کو شفافیت کی بنا ء پر فنڈز دئیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ تھرپارکر سے ملے اس لئے کہ ہم نے وہاں کام کیا ہے۔تینوں صوبوں کے وزرائے اعلی سے زیادہ منصوبے ہمارے وزیر اعلی نے شروع اور مکمل کیے،بھٹو شہید، بی بی شہید اور آصف زرداری کا کام ان کی حکومت کے مکمل ہونے کے بعد لوگوں کو پتہ چلا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت کی حامی اور داعی ہے ،پیپلز پارٹی کو صحافی عزیز میمن کا قاتل قرار دینا قابل افسوس ہے، ہم متاثرہ خاندان کو پیشکش کر چکے ہیں اس کی جس طرح تحقیقات چاہیں حکومت کرانے کیلئے تیار ہے ، ہماری مسلسل کردارکشی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کیسز سندھ کے ہیں لیکن ٹرائل راولپنڈی میں ہوتا ہے۔علاو ہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے جنوبی پنجاب کے صدر احمد محمود کی قیادت میں پارٹی وفد نے ملاقات کی ۔

اس موقع پر جنوبی پنجاب کے سیاسی اور تنظیمی امور پر مشاورت کی گئی ۔بلاول بھٹو سے پیپلز پارٹی منڈی بہائوالدین کے صدر آصف بھاگٹ نے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی اور دیگر بھی موجود تھے۔ آصف بھاگٹ نے بلاول بھٹو زرداری کو منڈی بہائوالدین کے دورے کی دعوت ۔ بلاول بھٹونے کہا کہ اب نکلا ہوں پنجاب کے شہر شہر جائوں گا،عوام کو مہنگائی اور حکمرانوں کے معاشی استحصال کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔