Live Updates

موجودہ حکومت اپنی تمام تر توانائیاں عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز کر کے انکے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی،غلام سرور خان

عوام نے جس طرح وزیر اعظم عمران خان کے اوپر اعتماد کا اظہار کیا ہے اس اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دی جائے گی،وفاقی وزیر ہوا بازی

ہفتہ 22 فروری 2020 23:24

موجودہ حکومت اپنی تمام تر توانائیاں عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز کر ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرورخان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی تمام تر توانائیاں عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز کر کے ان کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی - انہوں نے کہا کہ عوام نے جس طرح وزیر اعظم عمران خان کے اوپر اعتماد کا اظہار کیا ہے اس اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دی جائے گی اور اسی سلسلے میں آج ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ یہاں کھلی کچہری کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے - انہو ںنے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومتی پالیسی کے تحت تمام ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے سربراہان اپنے دفاتر کے علاوہ تمام علاقوں میں کھلی کچہریاں منعقد کر کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں - ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاپین بنگلہ ریس ہائوس چک بیلی خان راولپنڈی میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران کیا - اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق , ممبران صوبائی اسمبلی حاجی امجد محمود چوہدری, چوہدری عدنان , واثق قیوم عباسی, عمار صدیق خان , اے سی صدر زاہد خان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے -وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حکومت روائتی حکومتوں سے مختلف ہے اس لئے کچھ وقت کے لئے عوامی اور ملکی مفاد میں سخت فیصلوں کی وجہ سے مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا - انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اب مہنگائی کے تدارک کے لئے سخت ہدایات دی ہیں اور مہنگائی پیداکرنے والے عناصر کے خلاف تادیبی کاروائیاں عمل میں لائی جارہیں اور بلاامتیاز گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا گیا ہے اور ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا -انہوں نے کہا کہ اس ملک پر 30سال سے قابض مافیا حکومت کو ناکام کرنے کیلئے اپنے روائتی حربے استعمال کررہا ہے مگر عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت انہیں اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو نے دے گی -اس موقع پر وفاقی وزیر ہوابازی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے -
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات