وزیراعلیٰ بلوچستان کا وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ

وزیراعظم کی پاک ایران سرحد پر وائرس کی روک تھام اور سکریننگ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت کے تعاون کی یقین دہانی

ہفتہ 22 فروری 2020 23:31

وزیراعلیٰ بلوچستان کا وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان سے ایران میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی اطلاعات کے تناظر میں وائیرس کی روک تھام کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعظم نے پاک ایران سرحد پر وائرس کی روک تھام اور سکریننگ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا وائیرس سے بچاؤ کے تمام اقدامات کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ کورونا وائیرس سے بچاؤ اوراحتیاطی تدابیر کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ضلعی صحت افسران کو تمام احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے خصوصی طبی ٹیمیں تفتان اور دیگر حساس علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں ایران سے منسلک اضلاع میں طبی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔

وزیر اعلیٰ کی کورونا وائرس سے متعلق امور پر وفاقی مشیر صحت ڈاکٹر ظفر اللہ سے بھی فون پر بات چیت ہوئی ہے اور کورونا وائرس کی روک تھام اور سکریننگ کی سہولت کے حوالے سے وفاقی حکومت کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفاقی مشیر نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔