پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے کردار ادا کر رہا ہے ،قاسم خان سوری

ہفتہ 22 فروری 2020 23:48

پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے کردار ادا کر رہا ہے ،قاسم خان ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2020ء) ڈپٹی ا سپیکر قومی قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے کردار ادا کر رہا ہے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات اور امن معاہدہ قابل ستائش ہے ، امید ہے کہ اس معاہدے سے افغانستان میں امن آئے گا، افغانستان میں امن کے قیام سے پاکستان میں بھی امن قائم ہوگا دونوں بردار اسلامی ممالک ہے ، ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ دونوں ممالک کے عوام خوش اور پر امن ہو۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز کوئٹہ میں یوٹیلٹی سٹور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مسلم امہ کے اتحاد و اتفاق کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں ، ترکی اور ملائشیاکے صدور کے پاکستان کا دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں خصوصا مسلم ممالک میں امن چاہتا ہے اور ہمیشہ امن کے قیام کے لیے ثالث کا کردا ادا کیا ہے انھوں نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے جو مشکلات ہیں، ا س پر جلد قابو پا لینگے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ،سی پیک ایک عظیم منصوبہ ہے ،اس منصوبے سے یہاں کے لوگوں کو روزگار کے کافی مواقع ملیں گے ، ویسٹرن روٹ پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے ، یہاں اکنامک زون بن رہے ہیں ،قاسم سوری نے کہا کہ چین کے صدر کا پاکستان کے متوقع دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت ملک میں مہنگائی پر قابو پانے اور غریبوں کو یوٹیلیٹی سٹور کے ذریعے سستے داموں اشیا فراہم کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں کوئٹہ شہر میں مزید یوٹیلیٹی سٹور کھولے جائیں گے، تاکہ غریب عوام کو سست داموں اشیا ء ان کی دہلیز پر میسر ہو ،اب بھی مارکیٹ سے اشیا خوردنوش پوٹیلٹی سٹورز پر کم قیمت پر فراہم کیا جا رہا ہے، انھوں نے کہا کہ حکومت نے وزیر اعظم عمران کے ویژن پر کامیاب نوجوان پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان اقساط پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پرڈپٹی سپیکر نے یوٹیلٹی سٹور میں رکھے گئے ،اشیاء کا معائعنہ کیا اور ہدایت کی کہ لوگوں کو معیاری اور بازار سے سستے داموں اشیا کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔