پنجاب میں زراعت کو جدت فراہم کرنے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال

پائلٹ پروجیکٹ کے تحت پنجاب میں سمارٹ زرعی فارم پر کام آغاز کر دیا گیا، کامیابی کی صورت میں دائرہ کار پورے صوبے تک وسیع کیا جائیگا

Usama Ch اسامہ چوہدری اتوار 23 فروری 2020 11:10

پنجاب میں زراعت کو جدت فراہم کرنے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 23 فروری 2020) : پنجاب میں زراعت کو جدت فراہم کرنے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال، پائلٹ پروجیکٹ کے تحت پنجاب میں سمارٹ زرعی فارم پر کام آغاز کر دیا گیا، کامیابی کی صورت میں دائرہ کار پورے صوبے تک وسیع کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں زراعت کے شعبے میں جدت لانے کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے محکمہ زراعت پنجاب اور نجی شعبے کے تعاون سے ایگری ٹیک اسمارٹ فارمنگ کا پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔

مذکورہ منصوبے میں آرٹیفشل انٹیلی جنس سسٹم کااستعمال کیا جائیگا جس کی مدد سے فصلوں کی صحت اور اس کی ضروریات سے متعلق ریئل ٹائم میں معلومات وصول کی جا سکے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاہورمیں بیدیاں روڈ پر واقع ایک فارم ہاؤس میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس سسٹم نصب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کشادہ کھیتوں میں ایک جانب ایک پول پر چند ڈیوائسز لگائی گئی ہیں اوران کے ساتھ متعدد سینسر بھی جڑے ہوئے ہیں۔

کچھ سینسر کھیت کی مٹی کے اندر نصب کیے گئے ہیں جبکہ کچھ سینسر فصل کے پتوں کے ساتھ بھی لگائے گئے ہیں۔ مذکورہ سسٹم کو گیٹ اوے کا نام دیا جاتا ہے جبکہ اس سے 500 میٹر کے فاصلے پر ایک نوڈ بھی نصب کی گئی ہے۔ اس نوڈ کو بھی کئی سینسر کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ مذکورہ نوڈ کا تمام ڈیٹا خود کار طریقے سے گیٹ وے تک پہنچ رہا ہے اور گیٹ وے یہ تمام معلومات ڈیش بورڈ پر ظاہر کرتا ہے جسے لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر اسکرین پر دیکھا جاسکتا ہے۔

مذکورہ سسٹم کو’ایگری ٹیک سمارٹ فارمز‘ کہا جاتا ہے۔ اس نظام کو تیارکرنے والی کمپنی کے نمائندے عمیر رزاق کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم سولر انرجی سے اپنا کام کرتا ہے۔ سسٹم کے ساتھ مختلف ڈیوائسز اور سینسر جوڑے گئے ہیں جو ہوا کی رفتار، اس میں نمی کے تناسب، بارش کی صورتحال، مٹی کی نمی، اس میں نمکیات کی مقدار، فصل کی صحت سمیت کھاد، پانی اور اسپرے کی ضرورت سے متعلق معلومات جمع کرتےہیں۔

کھیت میں جس مقام پرگیٹ وے لگایا جاتا ہے اس کے اطراف میں ایک کلومیٹرکے علاقے میں ایک نوڈ لگائی جاسکتی ہے۔ ایک گیٹ وے کے ساتھ بیک وقت 16 نوڈز استعمال ہوسکتی ہیں جس سے تقریبا 16 کلومیٹر رقبے کا ڈیٹا حاصل ہوتا ہے، ہرفصل کے لیے الگ نوڈ استعمال کرنا ہوگی، یہ سسٹم ہر ایک گھنٹے بعد ڈیٹا ٹوجی، تھری جی اور فورجی انٹرنیٹ سروس کے ذریعے آپ کے لیپ ٹاپ، کمپیوٹر یا پھر موبائل فون میں انسٹال سسٹم کے ڈیش بورڈ پراپ ڈیٹ کرے گا۔