دفعہ 370کاخاتمہ اکھنڈ بھارت کی طرف پہلا قدم تھا اور آزادکشمیر کو واپس لینا اگلا قدم ہے ، بی جے پی کی ہرزہ سرائی

اتوار 23 فروری 2020 11:50

دفعہ 370کاخاتمہ اکھنڈ بھارت کی طرف پہلا قدم تھا اور آزادکشمیر کو واپس ..
نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2020ء) بھارت میں حکمران قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سکریٹری رام مادھو نے کہا ہے کہ آئین کی دفعہ 370 کا خاتمہ "اکھنڈ بھارت" کے ہدف کی طرف پہلا قدم تھااور اس کا اگلا قدم آزادکشمیر کو واپس لینا ہوگا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رام مادھو نے نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اگلا ہدف پاکستان کے غیر قانونی قبضے میں بھارت کی سرزمین کو واپس لینا ہے۔

(جاری ہے)

بی جے پی کے سینئر رہنما نے 1994 ء میں بھارتی پارلیمنٹ کی طرف سے آزادکشمیر کو واپس لینے کی قرارداد منظورکئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرحلہ وار ہوگا۔ پہلی بات یہ ہے کہ جموں و کشمیرکو جو مرکزی دھارے میں نہیں تھا، مکمل طور پر بھارت کے ساتھ جوڑدیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ اکیسویں صدی کا بھارت 20 ویں صدی کے بھارت سے مختلف ہے جو رومانوی اور خاموش تھا کیونکہ اس میںتازہ تازہ آزاد ہونے والے لوگوں کے خواب تھے اورمجاہدین آزادی ان کی حکمرانی کررہے تھے۔ لیکن 21 ویں صدی کا بھارت عملی ، فعال اور متحرک ہے کیونکہ یہ نوجوانوں کا ہے۔رام مادھو نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی آبادی اور معاشی طاقت کی بنیاد پر عالمی رہنما بن کر ابھرنا بھارت کا مقدر ہے۔