عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن اور کشمیری خواتین کیلئے آواز اٹھائے

7 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے خلاف جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

اتوار 23 فروری 2020 18:00

عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن اور کشمیری خواتین کیلئے آواز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2020ء) وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری بالخصوص خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن اور کشمیری خواتین کیلئے آواز اٹھائیں، بھارتی افواج خواتین کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کرتی ہیں۔ اتوار کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ آج کشمیری خواتین کی مزاحمت کا دن ہے،7 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کے خلاف جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہیں۔

مودی حکومت کے 5 اگست کے فیصلے کے بعد کشمیری خواتین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے نمل یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے جب شیطان نے انسان کو سجدہ کرنے سے انکار کیا تو اللہ تعالیٰ نے اسے کہا کہ میں نے انسان کو وہ طاقت دی ہے کہ جو تمہیں حاصل نہیں، اللہ نے انسان کو سب سے عظیم مخلوق بنایا، ہم اپنی زندگی بسر کر لیتے ہیں لیکن ہمیں اس کا علم نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقصد ہر انسان کے دل میں ہوتا ہے، دل جو کہتا ہے دماغ اسی طرف جاتا ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں جو بھی فیصلے کیے وہ صرف دل کے مان کر کیے۔ 9سال کی عمر میں کرکٹ کھیلنے کا عزم کیا کبھی ناکامی کا خوف نہیں رہا پھر اسی جذبے سے ہسپتال بنایا اور پاکستان کو قائداعظم کی جدوجہد اور اقبال کے خواب کے مطابق ملک بنانے کا سوچا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مدینہ دنیا کی پہلی اسلامی فلاحی ریاست ہے جو آج تک پوری دنیا کے لئے رول ماڈل ہے۔

اسی بنیاد پر برصغیر کے مسلمانوں نے الگ ملک حاصل کیا تھا، اس کے اصول مدینہ کے فلاحی ریاست کے اصولوں پر تھے، دنیا نے جس ملک نے بھی یہ اصول اپنائے اس نے کامیابی حاصل کی۔ چین نے 30سال میں اپنی عوام کو غربت سے نکالا اور آج وہ دنیا کا تیزی سے ترقی کرتا ملک بن گیا ہے، ہم نے اپنا قبلہ درست کرتا ہے، سائنس کبھی دو سوالوں کے جواب نہیں دے سکتی، ایک زندگی کا مقصد اور دوسرا موت کے بعد کیا ہو گا۔

اس کا جواب صرف مذہب میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے سب سے زیادہ نعمتیں نبی کریمؐ کو بخشیں، ان سے کامیاب انسان دنیا میں نہ کوئی آیا اور نہ کوئی آئے گا۔ میں جب بھی دیکھتا ہوں تو نوجوانوں نے بل گیٹس اور ڈونلڈ ٹرمپ کی کتابیں اٹھائی ہوتی ہیں کہ کیسے دولت بنانی ہے لیکن نبیؐ کے اسوہ حسنہ سے سیکھنے میں کامیابی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے دل کی مانیں، جنون دل سے آتا ہے، اگر صلاحیت اور جنون کا مقابلہ ہو تو ہمیشہ کامیابی جنون کی ہوتی ہے۔

نوجوان کامیابی کے راستے پر نکلیں تو اپنی کشتیاں جلا دیں۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں اتنی صلاحیت دی ہے کہ وہ ہر کام کر سکتے ہیں۔ مشکل وقت آپ کو سکھانے کے لئے آتا ہے، جو اپنی غلطیوں سے سیکھتا ہے وہ کبھی ناکام نہیں ہوتا، خود کو چیلنجز دینے والے ہی زندگی میں آگے بڑھتے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ناطے آپ کو عام آدمی پر فوقیت حاصل ہے، برے وقت میں شارٹ کٹ کا نہیں سوچتا۔

انسان کو کبھی ہار نہیں ہراتی بلکہ حوصلہ ہارنے سے وہ ہارتا ہے۔ برے وقت سے کبھی خوفزدہ نہیں ہونا، کامیابی کا راز اس سے سیکھنا اور نکلنا ہے جب تک آپ اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہیں اور ایک منزل کے بعد دوسری منزل حاصل کرتے ہیں تو آپ ترقی کرتے ہیں لیکن جب آپ نے اس کو ترک کر دیا تو پھر ناکامیابیوں کے دروازے کھلتے ہیں۔