پی ایس ایل، محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کی جانب سے تاریخ رقم کردی

فرنچائز کی جانب سے لیگ کی تاریخ کا بہترین انفرادی سکور بنا ڈالا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 23 فروری 2020 20:55

پی ایس ایل، محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کی جانب سے تاریخ رقم کردی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں لاہور قلندرز کے محمد حفیظ نے اپنی فرنچائز کی جانب سے لیگ کی تاریخ کا بہترین انفرادی سکور بنا ڈالا۔لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور کرس لین بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے۔لاہور قلندرز کو اننگز کی ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب محمد موسیٰ نے کرس لین کی اہم وکٹ حاصل کی تاہم اس کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے تجربہ کار محمد حفیظ آئے اور دونوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 67رنز کی شراکت قائم کی۔

فخر نے 26گیندوں پر 33رنز بنائے تھے کہ حریف کپتان شاداب خان نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔ابھی قلندرز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ کپتان سہیل اختر اور ڈین ولاس دونوں یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے،دوسرے اینڈ سے محمد حفیظ عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ سمیت پٹیل کے ساتھ 51رنز جوڑے جس میں ان کا اپنا حصہ 41رنز کا رہا۔

(جاری ہے)

فہیم اشرف کی ایک گیند کو باؤنڈری کے پار پھینکنے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کولن انگرام کے ہاتھوں کیچ ہوئے،اختتامی اوورز میں حفیظ اور ڈیوڈ ویزے کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکتوں کے نقصان پر 182رنز بنانے میں کامیاب رہی۔حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57گیندوں پر 7 چکووں اور 7چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 98رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ویزے نے 9گیندوں پر 19رنز بنائے،یہ لاہور قلندرز کی جانب سے پی ایس ایل کی تاریخ میں بنایا گیا بہترین انفرادی سکور تھا، اس سے قبل فخر زمان نے 2018ء میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 94 رنز کی باری کھیلی تھی۔

اس سے قبل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کاہ کہ لاہور قلندرز مضبوط ٹیم ہے اور میچ میں بہترین کارکردگی دکھانےکی کوشش کریں گے۔لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ بھی باؤلنگ کرتے اور اس وکٹ پر 170 سے زائد رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔