پیراگون ہائوسنگ سکینڈل ، خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈمیں6مارچ تک توسیع

وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ بیماری کے باعث ایمبولنس میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی

پیر 24 فروری 2020 14:11

پیراگون ہائوسنگ سکینڈل ، خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈمیں6مارچ تک ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) احتساب عدالت نے پیراگون ہائوسنگ سکینڈل میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلما ن رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6مارچ تک توسیع کر دی۔احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج امیر محمد خان نے خواجہ برادرن کے خلاف پیراگون ریفرنس کی سماعت کی۔ خواجہ برادرن کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ بیماری کے باعث ایمبولنس میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی۔

خواجہ سلمان رفیق کو جیل حکام نے عدالت کے روبرو پیش کیا جبکہ عدالتی استفسار پر عدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ سعد رفیق اسلام آباد میں قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں مصروف ہیں جس کی وجہ انہیں عدالت پیش نہیں کیا جا سکا جس پر عدالت نے ان کی حاضری معافی کی درخواست منظورکر لی ۔

(جاری ہے)

عدالت نے کیس میں تین گواہوںکی حاضری بھی مکمل کر لی گئی۔احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 6مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے خواجہ برادران کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

دوران سماعت ایڈمن جج چوہدری امیر محمد خان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ راستے کیوں بند کر رکھے ہیں۔ باہر دس بندے بھی نہیں ہیں ، راستے بند کرنے سے کتنے افراد متاثر ہوتے ہیں ۔ جس پر بتایا گیا کہ سکیورٹی کے لئے راستے بند کئے گئے ۔عدالت نے کہا کہ سکیورٹی نہیں بلکہ کسی اور مقصد کے لیے رکاوٹیں لگا رکھی ہے۔