کراچی: شادی کی گاڑی روکنے پر فائرنگ، ٹریفک پولیس اہل کار زخمی

پیر 24 فروری 2020 14:30

کراچی: شادی کی گاڑی روکنے پر فائرنگ، ٹریفک پولیس اہل کار زخمی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) شارع فیصل پر شادی سے واپس آنے والی گاڑی روکنے پر فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہل کار زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں شارع فیصل پر فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہل کار زخمی ہو گیا، بہادر آباد پولیس اسٹیشن میں اقدام قتل سمیت متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ شادی سے واپس آنے والی گاڑی کو روکنے پر متعدد افراد نے ٹریفک اہل کار پر تشدد کیا اور مسلح شخص نے فائرنگ کی، فائرنگ بی ایم ڈبلیو میں سوار گارڈ نے کی جس سے اہل کار زخمی ہوا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق فائرنگ شادی سے واپس آنے والی گاڑی کو روکنے پر کی گئی، اس دوران مسلح شخص نے پستول سے فائرنگ کی، تشدد کرنے والے 10 سے زائد افراد میں سے 2 مسلح تھے، فائرنگ سے ٹریفک اہل کار زخمی ہوا تو اسے فوری طبی امداد کے لیے ساتھی اہل کار نے جناح اسپتال منتقل کیا۔پولیس کے مطابق مقدمے میں اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ بہادر آباد تھانے میں زخمی اہل کار شاہد کی مدعیت میں درج کیا گیا، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔