پلانٹ فار پاکستان خوشحال، مستحکم اور صحت مند ملک کی نوید ہے اور موجودہ حکومت کا ایک بڑا اقدام ہے،ڈپٹی کمشنر جہلم

اس پروگرام کے تحت ملک کا بچہ بچہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 24 فروری 2020 17:35

پلانٹ فار پاکستان خوشحال، مستحکم اور صحت مند ملک کی نوید ہے اور موجودہ ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 فروری2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) پلانٹ فار پاکستان خوشحال، مستحکم اور صحت مند ملک کی نوید ہے اور موجودہ حکومت کا ایک بڑا اقدام ہے ۔ اس پروگرام کے تحت ملک کا بچہ بچہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے ۔ پاکستان کو ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجوں کا سامنا ہے ۔

درخت آکسیجن کا قدرتی ذریعہ ہیں جس سے ماحول کو انسان دوست بنایا جا سکتا ہے ۔

آج کا دن ملک بھر کی طرح جہلم میں منانے کا مقصد پودے لگانا، انکی دیکھ بھال کرنا اور آگاہی دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے پلانٹ فار پاکستان ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی چو ہدری ظفر اقبال نے بتایا ہے کہ جہلم کو سر سبز بنانے کے لئے وزیر اعظم کے پروگرام 10 بلین ٹری سونامی کے تحت بھرپور کام کریں گے ۔

ضلع جہلم کو سر سبز بنانے کے لئے اتوار کے روز پلانٹ فار پاکستان ڈے کی مناسبت سے پاکستان کے تمام اضلاح کی طرح ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں پودے لگانے کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا، مرکزی تقریب جہلم میں منعقد ہوئی جس میں اکرم شہید پارک کے باہر ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ سمیت دیگر افسران شہریوں میں 1000 پودے مفت تقسیم کیے ، جبکہ بعد ازاں جہلم فلڈ بند کے پودے لگانے کے حوالے سے افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے تحت 1000 پودے موقع پر لگائے گئے ۔


اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید نذارت، اسسٹنٹ کمشنر جہلم ذوالفقار احمد، ڈویژنل فارسٹ آفیسر نعمان ارشد، صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ لگائے جانے والے پودوں اور درختوں کی بڑھوتری کی طرف توجہ دیں ۔

ان کی نشوو نما کے لیے عوامی شعور بیدار کریں یہ جاندار ہمارے خوشحال اور پھلتا پھولتا پاکستان کے لیے ہمارے بچوں کی طرح اہم ہیں ۔ اسی طرح پلانٹ فار پاکستان ڈے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سوہاوہ میں اے سی سوہاوہ شرجیل شاہد نے پودا لگا کر مہم کا آغازکیا، اے سی دینہ علی باجوہ نے دینہ شہر میں دوپہر محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر 1000 پودے تقسیم کیے ، اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادخان احمد فراز بھی اپنی تحصیل میں 1000 پودے تقسیم کیے ، جبکہ ڈویژنل فارسٹ آفیسر نعمان ارشد نے اپنے دفتر کے باہر سول لائنز روڈ پر سٹاف کے ہمراہ کھڑے ہو کر شہریوں کو 1000 پودے مفت دیے اور انکی دیکھ بھال بارے آگاہی فراہم کی۔

انہوں نے بتایا ہے کہ جہلم کو سر سبز بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت ضلع بھر کی سرکاری زمینوں اور پرائیویٹ اراضی پر نئے پودے اور درخت لگائے جایں گے ، جہلم فلڈ بند پر مجموئی طور پر 10 ہزار سے زائد پودے لگائیں گے ۔