گورنرسندھ کا سماعت سے محروم بچوں کے تعلیمی ادارے کا دورہ

سکول و کالج میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور طالب علموں کے ٹیلنٹ کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں،عمران اسماعیل

پیر 24 فروری 2020 18:38

گورنرسندھ کا سماعت سے محروم بچوں کے تعلیمی ادارے کا دورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گلستانِ جوہر میں واقع Deaf Reach School & College کا دورہ کیا اوراسکول و کالج کے مختلف کلاس رومز میں جاکر طالب علموں کو فراہم کی جانے والی تعلیم کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ گورنرسندھ نے کمپیوٹر لیب، سائنس لیب کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات کو سراہا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سماعت سے محروم بچوں کو اعلیٰ درجہ کی تعلیم کی مفت فراہمی پر ادارہ کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اس ادارہ کے طالب علموں کا ٹیلنٹ دیکھ کر وہ بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ انہیں قوی امید ہے کہ اس ادارے سے فارغ التحصیل بچے معاشرے میں اہم خدمات انجام دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسپیشل بچے صلاحیتوں کے اعتبار سے دوسرے بچوں سے کسی طور کم نہیں ہوتے بلکہ بعض اسپیشل بچے عام بچوں سے کہیں زیادہ ٹیلنٹڈ ہوتے ہیں جس کا ثبوت اس ادارے کے طالب علم ہیں۔

گورنر سندھ نے اس موقع پر اسکول کے لئے اپنی جانب سے ایک لاکھ روپے ماہانہ دینے کا اعلان بھی کیا۔ ادارہ کے بانی اور ڈائریکٹر رچرڈ گیری نے گورنر سندھ کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسکول کی 7 برانچیں ملک بھر میں کام کر رہی ہیں جن میں سے 5 سندھ میں ہیں جوکہ کراچی، سکھر، نواب شاہ، ٹنڈو الہ یاراور حیدرآباد میں واقع ہیں۔ رچرڈ گیری نے مزید بتایا کہ اسکول میں تمام سہولیات بالکل مفت ہیں جن میں ٹیوشن فیس، لًنچ اور ٹرانسپورٹیشن بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان سہولیات کی فراہمی پر فی بچہ ماہانہ 7500 خرچ آتا ہے۔ دریں اثنا گورنرسندھ نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مکمل کئے جانے والے وفاقی حکومت کے منصوبوں کا وزیراعظم جلدافتتاح کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی کی ترقی میں ملک کی ترقی مضمر ہے کیونکہ یہ ملک کا معاشی حب اور سب سے بڑاشہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے گرین لائن کے آغاز کے بارے میں پوچھے جانے سوال پر کہا کہ اس پر بسیں چلانے کے لئے ابھی وقت درکار ہوگا کیونکہ گرین لائن پر خصوصی افراد کے لئے بھی سہولیات رکھنے والی بسیں چلیں گی۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے اداروں کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کے کام کو سراہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ رچرڈ گیری اور ان کی اہلیہ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ایک نیک مقصد کے لئے پاکستان کو اپنا دوسرا وطن بنایا اور ایک طویل عرصہ سے سماعت سے محروم بچوں کو تعلیم دینے میں مصروف ہیں۔