بزدارحکومت کا شعبہ صحت میں ایک اور سنگ میل،وزیراعلیٰ نے گنگا رام ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا

10 منزلہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال600 بستروں پر مشتمل اور 2 بر س میں مکمل ہوگا، 7 ارب روپے لاگت آئیگی،عثمان بزدار ملتان میں نشتر ہسپتال ٹو پر کام شروع ہو چکا ہے، ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اگلے ماہ سنگ بنیاد رکھا جائیگا رحیم یار خان میں شیخ زید ہسپتال ٹو کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے،شعبہ صحت ہماری پہلی اور آخری ترجیح ہے، خود منصوبوں کی نگرانی کرتا ہوں سمن آباد ہسپتال کو گنگا رام ہسپتال کیساتھ منسلک اورفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کیمپس کیلئے اراضی فراہم کرنے کا اعلان عثمان بزدار کا لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو اور انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کے قیام کابھی اعلان وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ذاتی دلچسپی لے کر مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کو آگے بڑھایا، ہم سب انکے شکرگزار ہیں: یاسمین راشد وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت شعبہ صحت کو بہتر بنانے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے، صوبائی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ

پیر 24 فروری 2020 18:50

بزدارحکومت کا شعبہ صحت میں ایک اور سنگ میل،وزیراعلیٰ نے گنگا رام ہسپتال ..
لاہور۔24 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گنگا رام ہسپتال میں 600 بستروں پر مشتمل مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ سٹیٹ آف دی آرٹ اس ہسپتال کی تعمیر پر 7 ارب روپے لاگت آئیگی۔10 منزلہ عمارت کی تعمیر پر 4 ارب روپے جبکہ طبی آلات و مشینری کی خریداری پر 3 ارب روپے خرچ ہونگے۔

ہسپتال میں زچہ و بچہ کے علاج معالجے کیلئے جدید سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ہسپتال میں 13 آپریشن تھیٹرز بنائے جائیں گے جبکہ گراؤنڈ فلور پر ایمرجنسی کا شعبہ قائم کیا جائیگا۔سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کی تعمیر اور اہم خدو خال کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال کے ماڈل کی نقاب کشائی کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گنگا رام ہسپتال میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے جب ہم گنگا رام ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے عظیم الشان منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ 77 برس بعد گنگا رام ہسپتال کی توسیع ہونے جا رہی ہے اور مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال 600 بستروں پر مشتمل ہوگا اور اس ہسپتال کو 2 برس میں مکمل کیا جائیگا جس کیلئے 7 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

یہ ہسپتال سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا اور پاکستان میں زچہ و بچہ کے علاج معالجے کیلئے ایک ریفرنس کا درجہ رکھے گا اور اس ہسپتال میں ریسرچ پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں آج اس تاریخی درسگاہ میں موجود ہوں جہاں ایک طرف مادر ملت کے نام منسوب فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ہے اور دوسری طرف انسانی دوستی کی اعلیٰ ترین مثال گنگا رام ہسپتال کا وجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے شعبہ صحت کیلئے رواں مالی برس کے بجٹ میں 277 ارب روپے رکھے ہیں اور 45 ارب روپے کی لاگت سے صوبے میں شعبہ صحت میں نئے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ بہاولنگر، سیالکوٹ، میانوالی، اٹک، راجن پور، لیہ اور مظفرگڑھ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جا رہے ہیں اور ان ہسپتالوں کے ساتھ نرسنگ کالج بھی قائم کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ملتان میں نشتر ہسپتال ٹو پرکام شروع ہو چکا ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اگلے ماہ سنگ بنیاد رکھا جائیگا۔ اسی طرح رحیم یار خان میں شیخ زید ہسپتال ٹو کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے اور اس منصوبے کا اگلے مالی سال آغاز کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اعلان کیا کہ لاہور میں دل کے امراض کے علاج کیلئے ایک نیا ہسپتال بنایا جائیگا۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو کے منصوبے کیلئے ابتدائی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ پبلک سیکٹر میں امراض خون سے متعلق علاج معالجے کا کوئی ادارہ موجود نہیں۔ہماری حکومت لاہور میں انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز بھی بنائیگی۔ 500 بستروں پر مشتمل یہ ادارہ اگلے مالی سال میں شروع کیا جائیگا۔ بدقسمتی سے کسی حکومت نے انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کے قیام کے بارے میں نہیں سوچا۔

پاکستان میں صرف 180 مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ایک ادارہ موجود ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے پاس ایسا ادارہ ہونا چاہیئے جہاں ہم ایک لاکھ 80 ہزار مریضوں کا علاج کرسکیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام اضلاع میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کا کام مکمل کر لیا ہے اور 32 اضلاع میں میں نے خود جا کر صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے ہیں۔

صحت انصاف کارڈ سے صوبے کے ساڑھے تین کروڑ افراد کو مفت علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت ہماری پہلی اور آخری ترجیح ہے اور میں خود صحت سے متعلقہ منصوبوں پر پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیتا ہوں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور ان کا محکمہ بہت اچھا کام کر رہا ہے جس پر میں صوبائی وزیر صحت اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم نے مختصر عرصے میں محکمہ صحت میں 32 ہزار ہیلتھ پروفیشنلز میرٹ پر بھرتی کئے ہیں جن میں 12 ہزار ڈاکٹرز شامل ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی درخواست پر سمن آباد ہسپتال کو گنگا رام ہسپتال کے ساتھ منسلک کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کیمپس کیلئے اراضی فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں نالج پارک میں زمین کی نشاندہی کا جائزہ لیا جائیگا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ میں جس شہر میں بھی جاؤں وہاں ہسپتال کا ضرور دورہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز کی حاضری 95 فیصد ہو گئی ہے اور ہماری حکومت نے ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور ڈاکٹرز کے دیگر مسائل بھی حل کرینگے۔ہسپتالوں میں ادویات وافر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ برس میں تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت میں مصروف ہے اور ہماری حکومت کا کوئی کرپشن کا سکینڈل نہیں ہے۔

یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے شفاف حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے وسائل کی کوئی کمی آنے دی جائیگی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی آمد پر ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ ماضی کی کسی حکومت کو گنگا رام ہسپتال کی یہ جگہ استعمال کرنے کی توفیق نہیں ہوئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ذاتی دلچسپی لے کر مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کو آگے بڑھایا جس پر ہم سب ان کے شکرگزار ہیں۔ صوبائی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹر نبیل اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت شعبہ صحت کو بہتر بنانے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے اور نئے ہسپتال اور میڈیکل کالجز بنائے جا رہے ہیں۔

انشاء اللہ ہم مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کو 2 برس میں مکمل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عامر زمان خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کا کریڈٹ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو جاتا ہے اور بلاشبہ ان کا یہ اقدام زچہ و بچہ کی صحت کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید، صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، اراکین پنجاب اسمبلی، تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، سینئر ڈاکٹرز، پروفیسرز، سرجنز، طلبا و طالبات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔