اقبال سٹیڈیم میں دوسری اعجاز فاروق ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئن شپ شروع ہوگئی

پیر 24 فروری 2020 19:09

اقبال سٹیڈیم میں دوسری اعجاز فاروق ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئن شپ شروع ہوگئی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) :اقبال سٹیڈیم میں دوسرے اعجاز فاروق ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئن شپ شروع ہوگئی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بال کو شارٹ لگا کر ٹی ٹونٹی کرکٹ چمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ارکان اسمبلی شیخ خرم شہزاد،شکیل شاہد کے علاوہ لیجنڈ کرکٹر ماجد خان،سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن اعجازفاروق،سرپرست اعلیٰ راناانیس،کیئرٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیر اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد علی کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے اور فیصل آباد سے کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کالوہا منوایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کی ترویج ترقی کے لئے متعدداقدامات کررہی ہے اور کھیلوں کے میدانوں میں کھلاڑیوں کو خوشگوارماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے بڑے ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے سلسلے میں اعجاز فاروق کی کاوشوں کو سراہا۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیح ہے اسی مقصد کے پیش نظر کھیلوں کے مختلف مقابلے باقاعدگی سے منعقد کرا کرکھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے بھرپور موقع فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے اعجاز فاروق ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ کے انعقاد کے سلسلے میں منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے چیمپئن شپ کا افتتاح کرنے پر ڈپٹی کمشنر محمد علی ،ارکان اسمبلی اور لیجنڈ کرکٹر کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ یہ ٹورنامنٹ 31مارچ تک جاری رہے گا جس میں ضلع فیصل آباد کے مختلف کلبز کے مابین روزانہ میچز کھیلے جارہے ہیں۔