صادق سنجرانی نے بھارتی سر زمین پرامریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق بیان کو پاکستان کیخلاف بھارتی پروپیگنڈہ کا جواب قرار دیا

پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، امریکی صدر بھی مسئلے پر بھارت پر دباؤ ڈالیں،چیئرمین سینٹ

پیر 24 فروری 2020 19:23

صادق سنجرانی نے بھارتی سر زمین پرامریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھارتی سر زمین پرامریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق بیان کو پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈہ کا جواب قرار دیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کاوشوں کی تعریف کی ہے اور اس بات کو تسلیم کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں ہیں جو کہ ریاستی دہشت گردی پھیلانے والے بھارت کو جواب ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، امریکی صدر بھی اس مسئلے پر بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکی صدر کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے اور بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکی صدر نے یہ بیان خطے کی تاریخ کے اہم موڑ پر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے کا تھانیدار بننے کا خواہاں ہے لیکن دنیا مودی سرکار کی جارحانہ پالیسوں کو جا ن چکی ہے۔