وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اجلاس‘

ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے آئندہ چھ ہفتوں میں وژن ماسٹر پلان ترتیب دینے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت آئندہ مہینوں میں شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر ان کی سہولیات کے لئے پیشگی منصوبہ بندی اور انتظامات کیے جائیں‘ وزیراعظم عمران خان

پیر 24 فروری 2020 20:28

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے آئندہ چھ ہفتوں میں وژن ماسٹر پلان ترتیب دینے کا عمل مکمل کیا جائے اور آئندہ مہینوں میں شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر ان کی سہولیات کے لئے پیشگی منصوبہ بندی اور انتظامات کیے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے ملک میں ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

اجلاس میں مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ، سینئر افسران اور تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخواہ، صوبہ پنجاب اور ملک کے ساحلی علاقوں میں سیاحت کے فروغ ،گلگت بلتستان اور شمالی علاقہ جات میں سیاحتی توجہ کا مرکز قدیم عمارات کے تحفظ اور تزئین و آرائش اور ماحول دوست سیاحت کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کے حوالے سے زوننگ کا کام مکمل کر لیا گیا۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں بھی سیاحت کے فروغ کے لئے تین زون قائم کیے گئے ہیں جن میں غذر، استور اور شگر شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں سیاحتی توجہ کا مرکز قدیم عمارات کے تحفظ اور تزئین و آرائش کے لئے آغا خان فاؤنڈیشن کی خدمات سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ابتدائی طور پر صوبہ پختونخواہ کے چار، صوبہ پنجاب میں ایک اور بلوچستان کے ایک ساحلی علاقے میں سیاحت کے حوالے سے آئندہ چھ ہفتوں میں وژن ماسٹر پلان ترتیب دینے کا عمل مکمل کیا جائے۔ وژن ماسٹر پلان بیرون سرمایہ کاروں کو سیاحت کے حوالے سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور انفرااسٹرکچر کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ کو ہدایت کی کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں واقع ریسٹ ہاؤسز کی بحالی اور انتظامات سیاحت کے شعبے سے وابستہ نجی شعبے کو دینے کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف ملکی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ مقامی لوگوں کے لئے کاروبار اور نوکریوں کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ماحولیات ، قدرتی حسن اور مقامی اقدار کو مدنظر رکھ کر سیاحت کے فروغ کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ آنے والے مہینوں میں شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر ان کی سہولیات کے لئے پیشگی منصوبہ بندی اور انتظامات کیے جائیں۔