سرمایہ کاروں کومواقع اورآسانیاں دیناحکومت کی اولین ترجیح ہے،علی زیدی

پرائم لوکیشن کے اثاثہ جات سے آمدن کے ساتھ ساتھ نوکریوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے،وفاقی وزیر بحری امور

پیر 24 فروری 2020 21:26

سرمایہ کاروں کومواقع اورآسانیاں دیناحکومت کی اولین ترجیح ہے،علی زیدی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہاہے کہ سرمایہ کاروں کومواقع اورآسانیاں دیناحکومت کی اولین ترجیح ہے، پرائم لوکیشن کے اثاثہ جات سے آمدن کے ساتھ ساتھ نوکریوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔پیرکووفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کی زیرِ صدارت اثاثہ جات کی نیلامی کے جائزے کیلئے بین الاوزارت کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری اور وفاقی وزیر برائے پراویٹائزیشن محمد میاں سومرو کی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اثاثہ جات کی نیلامی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور مالی معاملات کا جائزہ لیا گیا اور اشتہارات اور نیلامی سے متعلق کاغذات کے جائزے کے بعد منظوری بھی دی گئی۔علی زیدی نے نیلامی کے طریقہ کار کو شفاف اور سرمایہ داروں کی پہنچ میں کرنے کی ہدایات دیں اور کہاکہ سمندرپارپاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کے خواہشمندہیں، سرمایہ کاروں کومواقع اورآسانیاں دیناحکومت کی ترجیح ہے۔علی زیدی نے کہاکہ پرائم لوکیشن کے اثاثہ جات ملک میں ہوٹل بزنس کیلئے لیز پر دینے سے سیاحت کو فروغ ملے گا، یوں اثاثہ جات سے آمدن کے ساتھ ساتھ نوکریوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :