انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے درمیان تعاون پر اتفاق

دونوں ادارے تعلیم و تحقیق کے شعبوں میں معاونت اور سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے ، صحت عامہ کی اعلیٰ تعلیم کو فروغ ملے گا

پیر 24 فروری 2020 22:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2020ء) انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے درمیان آج سوموار کے روز ایک معاہدہ طے (Memorandum of Understanding) پا گیا جس کی رو سے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور VUP مشترکہ ٹریننگ اور کیپیسٹی بلڈنگ کے پروگرام ترتیب دیں گے اور دونوں اداروں کے اساتذہ اور طلبہ دونوں اداروں کے وسائل سے استفادہ کر سکیں گے۔

ورچوئل یونیورسٹی IPH میں آن لائن سسٹم بنانے میں ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرے گی۔مزید برآں دونوں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اساتذہ اپنی اکیڈمک کوالیفیکیشن بہتر بنا نے کیلئے فراہم کردہ مراعات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ تحقیقی کام کے سلسلہ میں IPH اور VUP کی laboratories کی سہولیات سے استفادہ ممکن ہو گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ (BoM) IPH اورسابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول کا کہنا تھا کہ IPH بیماریوں کی روک تھام کرکے صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے پبلک ہیلتھ کی اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے کیلئے قومی اور بین الاقوامی تعلیمی اداروں، جامعات اور عالمی ادارہ صحت سے مشترکہ اقدامات اٹھا رہا ہے اور تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

جنرل خالد مقبول کا کہنا تھا کہ عوامی سطح پر حفظان صحت کے اصولوں کے بارے شعور اجاگر کرنے کی سخت ضرورت ہے تاکہ لوگ اپنے آپ کو بیماریوں سے محفوظ رکھ سکیں۔ ڈین IPH پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے دور میں عوام کوعلاج کی سہولیات میں اضافہ کے ساتھ preventive program پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اس مقصد کیلئے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں مختلف بیماریوں کی روک تھام، تحقیق کے ساتھ پبلک ہیلتھ کے مختلف شعبوں میں M.phil, MPH,اور ڈپلومہ courses کروا رہا ہے اور پبلک ہیلتھ ایکسپرٹ تیار کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ IPHمیں سالانہ 100ریسرچ پیپرز شائع ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ورچوئل یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کی یادداشت پر دستخط کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون سے میڈیکل کی اعلیٰ تعلیم کو مزید فروغ ملے گا۔ تقریب میں VUP کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر مسرور الہٰی بشیر، ریکٹر نسیم طارق اور دونوں اداروں کے فیکلٹی ممبرز نے بھی شرکت کی۔معاہدے کی یادداشت پر چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد مقبول، ریکٹر VUP نعیم طارق اور ڈین IPHپروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر اور ڈین VUPپروفیسر ڈاکٹر مسرور الہٰی نے دستخط کئے۔