امریکی صدٹرمپ کے دورہ بھارت میں مودی کو ہزیمت کا سامنا

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے ٹرمپ کے اعزاز میں عشائیہ کا بائیکاٹ کردیا، سونیا گاندھی کی ہدایت پر منموہن سنگھ سمیت تمام ارکان عشائیے میں شرکت نہیں کریں گے

پیر 24 فروری 2020 23:20

امریکی صدٹرمپ کے دورہ بھارت میں مودی کو ہزیمت کا سامنا
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت میں مودی کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ گیا، بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے ٹرمپ کے اعزاز میں عشائیہ کا بائیکاٹ کردیا ، سونیا گاندھی کی ہدایت پر منموہن سنگھ سمیت تمام ارکان عشائیے میں شرکت نہیں کریں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے ٹرمپ کے اعزاز میں عشائیہ کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

جس کے باعث سابق بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے ٹرمپ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ منموہن سنگھ نے عشائیے میں شرکت سے انکاراپوزیشن جماعت کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کی ہدایت پر کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سونیا گاندھی نے پارٹی رہنماؤں اور پارلیمنٹ ارکان کو عشائیہ میں شرکت س روک دیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جب بھارت میں کھڑے ہوکر پاکستان کی تعریفیں شروع کیں، تو بھارتی قیادت مودی سمیت بھارتی منہ تکتے رہ گئے۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور امید ہے کہ خطے میں کشیدگی کم ہوگی، امریکہ اور بھارت دہشت گردوں کو روکنے اور ان کے نظریے سے لڑنے کے لیے پرعزم ہیں،جب سے دفتر سنبھالا ہے میری انتظامیہ پاکستانی سرحد سے آپریٹ ہونے والی دہشت گرد تنظیموں اور عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے لیے پاکستان کے ساتھ بہت مثبت انداز میں کام کر رہی ہے۔

واضح رہے دورہ ٹرمپ کے موقع پر بھی بھارت میں ہندوقوم پرست حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے لاگو کیے گئے متنازع شہریت قانون کے خلاف بھارت بھر میں احتجاج مظاہرے بھی جاری ہیں، جس میں متعدد افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں جبکہ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ اس قانون کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ یاد رہے کہ اس قانون کے تحت 31 دسمبر 2014 سے قبل 3 پڑوسی ممالک سے بھارت آنے والے ہندوؤں، سکھوں، بدھ متوں، جینز، پارسیوں اور عیسائیوں کو بھارتی شہریت دی جائے گی جبکہ مسلمانوں کو اس میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔