ایرانی وزارت صحت نے کرونا وائرس سے 50 ہلاکتوں کی رپورٹ کو مسترد کردیا

ملک میں وائرس سے 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ47 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں: ایرانی نائب وزیرصحت ارج ہریرچی کا دعویٰ

Usama Ch اسامہ چوہدری پیر 24 فروری 2020 20:45

ایرانی وزارت صحت نے کرونا وائرس سے 50 ہلاکتوں کی رپورٹ کو مسترد کردیا
تہران (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 24 فروری 2020) : ایرانی وزارت صحت نے کرونا وائرس سے 50 ہلاکتوں کی رپورٹ کو مسترد کردیا، تفصیلات کے مطابق ایرانی نائب وزیرصحت ارج ہریرچی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرن میں وائرس سے 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ47 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ واضع رہے کہ ایرانی قانون دان احمد امیر آبادی نے کہا تھا کہ ایران کی حکومت کرونا وائرس سے ہونیوالی ہلاکتوں کوچھپایا جارہا ہے اور ایران کے مذہبی طور پر مقدس شہر قم میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب ایران میں کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ ساتھ ترکی اور آرمینیا نے بھی ایران کے ساتھ اپنی سرحد کو بند کردیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے صوبوں قم، اردیبل، البرز، مرکزی، ہمیدان، قزوین اور گیلان کی صوبائی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کے سدباب کے لئے پرائمری اور مڈل سکولوں، یونیورسٹیوں اور دینی مدرسوں میں سے متعدد ایک دن، بعض 2 دن اور بعض میں ہفتہ بھر بند رکھنے کا اعلان اور ملک بھر میں سپورٹس مقابلوں کو 10 دن کے لئے ملتوی کر دیا گیا تھا اور تمام ثقافتی و فنّی سرگرمیوں کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایران میں گذشتہ بدھ کو کرونا وائرس کے مریضوں کی پہلی مرتبہ اطلاع سامنے آئی تھی اور تہران کے جنوب میں واقع اہل تشیع کے لیے متبرک شہر قم میں حکام نے دو ضعیف العمر افراد کی اس وائرس سے موت کی تصدیق کی تھی۔ مشرقِ اوسط میں واقع کسی ملک میں کرونا وائرس سے یہ پہلی ہلاکتیں ہیں۔جب کہ حکومت بلوچستان کے ترجمان میر لیاقت شاہوانی نے کہاہے کہ بلوچستان حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے تفتان بارڈر پر ایران جانے اور آنے والے زائرین اور شہریوں پر پابندی عائد کر دی گئی، ایران میں موجود پاکستانی زائرین مارچ میں واپس آئیں گے ایران سے بات کی جائے گی کہ زائرین کو ابھی ایران میں ہی روکا جائے کرونا وائرس پرقابو پانے تک کوئی بھی شخص یازائرین ایران نہیں جائے گا تفتان میں موجود لوگوں کو کھانے پینے کا بندوبست کیا جائے گا صوبے کے تمام انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔