چین میں کرونا وائرس کا شکار 17 دن کی بچی بغیر علاج کے صحت یاب

بچی کی پیدائش کے بعد اس میں وائرس کی تشخیص ہوئی جسکے بعد اسے ہسپتال منتقل کیا گیا، مکمل صحت یابی پرڈسچارج کردیا گیا

Usama Ch اسامہ چوہدری پیر 24 فروری 2020 21:33

چین میں کرونا وائرس کا شکار 17 دن کی بچی بغیر علاج کے صحت یاب
ووہان (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 24 فروری 2020) : چین میں کرونا وائرس کا شکار 17 دن کی بچی بغیر علاج کے صحت یاب، بچی کی پیدائش کے بعد اس میں وائرس کی تشخیص ہوئی جسکے بعد اسے ہسپتال منتقل کیا گیا، مکمل صحت یابی پرڈسچارج کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ چین کے شہرووہان میں ایک بچی کی پیداہش ہوئی جسکے بعد اس میں کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی جسکے بعد اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

چین کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ وہ دواؤں کی مدد کے بغیر خود سے مکمل صحت یاب ہوئی ہے جسکے بعد اسے جمعہ کے روز اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر مذکورہ بچی چین میں اب تک کی سب سے کم عمر مریض ہے جو وائرس سے صحت یاب ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اس ہسپتال کے شعبہ نیوناتولوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زینگ کا کہنا ہے کہ بچی جسے ژاؤ کا نام دیا گیا ہے، اسے اپنے تنفس کے نظام میں انفیکشن کی وجہ سے ہسپتال لایا گیا تھا۔

مذکورہ ڈاکٹر نے کہا کہ چونکہ بچی کی علامات واضح نہیں تھیں، اسی لیے اسے اینٹی بائیوٹک ادویات نہیں دی گئیں اور اسے خود ہی اس مرض سے لڑنے کے لیے چھوڑ دیا گیا تھا۔ ڈاکٹر زینگ نے مزید بتایا کہ متذکرہ بچی کو سانس لینے میں واضح مشکلات نہیں آئی تھیں، کھانسی نہیں ہوئی تھی اور بخار بھی نہیں تھا اس لیے ہم نے اسے صرف اس کی تندرستی حالت کا علاج کروایا۔

دوسری جانب ایران میں کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ ساتھ ترکی اور آرمینیا نے بھی ایران کے ساتھ اپنی سرحد کو بند کردیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے صوبوں قم، اردیبل، البرز، مرکزی، ہمیدان، قزوین اور گیلان کی صوبائی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کے سدباب کے لئے پرائمری اور مڈل سکولوں، یونیورسٹیوں اور دینی مدرسوں میں سے متعدد ایک دن، بعض 2 دن اور بعض میں ہفتہ بھر بند رکھنے کا اعلان اور ملک بھر میں سپورٹس مقابلوں کو 10 دن کے لئے ملتوی کر دیا گیا تھا اور تمام ثقافتی و فنّی سرگرمیوں کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ایران میں گذشتہ بدھ کو کرونا وائرس کے مریضوں کی پہلی مرتبہ اطلاع سامنے آئی تھی اور تہران کے جنوب میں واقع اہل تشیع کے لیے متبرک شہر قم میں حکام نے دو ضعیف العمر افراد کی اس وائرس سے موت کی تصدیق کی تھی۔ مشرقِ اوسط میں واقع کسی ملک میں کرونا وائرس سے یہ پہلی ہلاکتیں ہیں۔جب کہ حکومت بلوچستان کے ترجمان میر لیاقت شاہوانی نے کہاہے کہ بلوچستان حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے تفتان بارڈر پر ایران جانے اور آنے والے زائرین اور شہریوں پر پابندی عائد کر دی گئی، ایران میں موجود پاکستانی زائرین مارچ میں واپس آئیں گے ایران سے بات کی جائے گی کہ زائرین کو ابھی ایران میں ہی روکا جائے کرونا وائرس پرقابو پانے تک کوئی بھی شخص یازائرین ایران نہیں جائے گا تفتان میں موجود لوگوں کو کھانے پینے کا بندوبست کیا جائے گا صوبے کے تمام انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔