امریکی صدر کے دورہ بھارت کے دوران فسادات پھوٹ پڑے، شہریت کے متنازع قانون کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی

پیر 24 فروری 2020 22:25

امریکی صدر کے دورہ بھارت کے دوران فسادات پھوٹ پڑے، شہریت کے متنازع ..
نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت کے دوران دارالحکومت دہلی میدان جنگ بن گیا، شمالی دہلی میں ہندو مسلم فسادات پھوٹ پڑے، بجھن پورا میں شہریت کے متنازع کالے قانون کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، مشتعل افراد نے گاڑیوں اور دوکانوں کو نذر آتش کر دیا، جھڑپوں کے دوران فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

ذرائع ابلاغ کے مطابق مودی کی مسلمانوں کے خلاف بھڑکائی گئی نفرت کی آگ نے بھارت کو ہی لپیٹ میں لے رکھا ہے، شمالی مشرقی دہلی میں فسادات پھوٹ پڑے، انتہا پسند ہندوئوں نے ایک مزار کو بھی آگ لگا دی، ہندوئوں نے موج پور اور جعفرآباد میں مسلمانوں کے گھر اور دوکانیں جلا دیں، مظاہرین کا پتھرائو کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ پولیس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے پیرا ملٹری فورس طلب کر لی گئی۔ جعفرآباد میں میٹرو سٹیشن پر متنازع قانون کے خلاف خواتین نے دھرنا دیا، پولیس نے خواتین کو منتشر کرنے کیلئے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔