مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کیلئے خاتون نے بلند مقام سے کود کر خود کشی کر لی

سعودی پولیس کے مطابق خاتون کا تعلق سوڈان سے ہے جس نے ہوٹل کی دوسری عمارت سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا

muhammad ali محمد علی منگل 25 فروری 2020 00:03

مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کیلئے خاتون نے بلند مقام سے کود کر خود ..
مکہ مکرمہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 فروری 2020ء) مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کیلئے خاتون نے بلند مقام سے کود کر خود کشی کر لی، سعودی پولیس کے مطابق خاتون کا تعلق سوڈان سے ہے جس نے ہوٹل کی دوسری عمارت سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ تفصیلات کے سعودی عرب کے مقدس ترین شہر مکہ مکرمہ سے افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ میں عمرے کی ادائیگی کیلئے ایک خاتون نے ہوٹل کی عمارت سے کود کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

خاتون کا تعلق سوڈان سے ہے اور یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا۔ خاتون کی جانب سے الجرول کے علاقے میں واقع ہوٹل کی دوسری منزل سے چھلانگ لگائی گئی۔ واقعے کے فوری بعد خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم تب تک وہ اپنی جان کی بازی ہار چکی تھی۔

(جاری ہے)

خاتون کی لاش کو پولیس نے تحویل میں لینے کے بعد سردخانے منتقل کردیا ہے اور لواحقین کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس کی جانب سے خاتون کے ڈیٹا کی مدد سے اس کے اہل خانہ کی تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران مسجد الحرام کے احاطے میں زائرین کی جانب سے بلند مقام سے کود کر خودکشی کیے جانے کے واقعات رونما ہوئے، جس کے بعد بالائی منزلوں کی ریلنگ کو مزید بلند کرنے کے علاوہ وہاں سیکورٹی اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ تاہم خاتون عمرہ زائر کی جانب سے خود کشی کیے جانے کا حالیہ واقعہ مسجد الحرام کی حدود سے باہر پیش آیا ہے۔