ٹرمپ اور مودی کا نام بگاڑنے کا مقابلہ، سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا

ایک تقریب میں بھارتی وزیراعظم کی جانب سے امریکی صدر کا نام غلط لیا گیا جبکہ امریکی صدر نے بھی اپنے بیان میں دو بھارتی کھلاڑیوں کا نام درست نہ لیا

Usama Ch اسامہ چوہدری منگل 25 فروری 2020 00:28

ٹرمپ اور مودی کا نام بگاڑنے کا مقابلہ، سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 24 فروری 2020) : ٹرمپ اور مودی کا نام بگاڑنے کا مقابلہ، سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا، ایک تقریب میں بھارتی وزیراعظم کی جانب سے امریکی صدر کا نام غلط لیا گیا جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی بھارت میں اپنے بیان میں دو بھارتی کھلاڑیوں کا نام درست نہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہندوستان میں اپنے دو روزہ دورےپر موجود ہیں اور بھارتی ان سے اپنی محبت کا اظہار کرنے میں مصروف ہیں۔

لیکن بھارتی وزیراعظم کا مزاق کسی نہ کسی طرح بن ہی جاتا ہے چاہے وہ سیڑھیوں پر سے گرنے کا معاملہ ہویا مصافحہ کرنے کا۔ ان کی جانب سے ایک تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام غلط لیا گیا۔ انھوں نے امریکی صدر کو ’ڈولانڈ ٹرمپ‘ کے نام سے مخاطب کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب امریکی صدر کی بھی زبان کچھ پھسلی اور وہ بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑیوں کا نام غلط لیتے رہے۔

واضع رہے کہ جہاں یہ اس طنز و مزاح کا عالم ہے وہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت کے دوران دارالحکومت دہلی میدان جنگ بن گیا، شمالی دہلی میں ہندو مسلم فسادات پھوٹ پڑے، بجھن پورا میں شہریت کے متنازع کالے قانون کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، مشتعل افراد نے گاڑیوں اور دوکانوں کو نذر آتش کر دیا، جھڑپوں کے دوران فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مودی کی مسلمانوں کے خلاف بھڑکائی گئی نفرت کی آگ نے بھارت کو ہی لپیٹ میں لے رکھا ہے، شمالی مشرقی دہلی میں فسادات پھوٹ پڑے، انتہا پسند ہندوئوں نے ایک مزار کو بھی آگ لگا دی، ہندوئوں نے موج پور اور جعفرآباد میں مسلمانوں کے گھر اور دوکانیں جلا دیں، مظاہرین کا پتھرائو کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ پولیس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے پیرا ملٹری فورس طلب کر لی گئی۔ جعفرآباد میں میٹرو سٹیشن پر متنازع قانون کے خلاف خواتین نے دھرنا دیا، پولیس نے خواتین کو منتشر کرنے کیلئے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔