ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ الیکشن میں منتخب ہونے کے بعد پاکستان آئیں گے

امریکی صدر نے بھارت میں پاکستان کا تذکرہ کرکے مودی پرسرجیکل سٹرائیک کی

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی منگل 25 فروری 2020 11:22

ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ الیکشن میں منتخب ہونے کے بعد پاکستان آئیں گے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 25 فروری 2020ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ الیکشن کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ سینئر تجزیہ کار صابر شاکر نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ایسا نہیں ہوگا کہ امریکی صدر دورہ بھارت کے موقع پر پاکستان میں بھی دو گھنٹے کے لئے آئیں بلکہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک آزادانہ دورہ کریں گے ۔ صابر شاکر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جب دورہ واشنگٹن پر گئے تو ڈونلڈ  ٹرمپ کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔

جو امریکی صدر نے قبول کرلی تھی۔ سینئر تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ بھارت بہت پہلے سے طے شدہ تھا۔ تاہم آئندہ الیکشن میں منتخب ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان ضرور آئیں گے ۔ صابر شاکر کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نےبھارت میں کھڑے ہوکر ہی مودی پر سرجیکل سٹرائیک کردی اور کہا کہ پاکستان نے امن کے قیام کے لئے بھر پور کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورہ بھارت پر ہیں۔ امریکی صدر اہلیہ کے ہمراہ بھارت کے دو روزہ دورے پر پہنچے ۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے احمدآباد ائیرپورٹ پرامریکی صدر ٹرمپ کا استقبال کیا۔ بعدازاں امریکی صدر ،خاتون اول اور بھارتی وزیراعظم احمد آباد کے سیڈیم میں پہنچے ۔امریکی صدر نے بھارت آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی تقریر میں پاکستان کا بھی تذکرہ کیا۔احمد آباد میں صدر ٹرمپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ ہم پر امید ہیں کہ مستقبل میں تمام جنوبی ایشیا میں بھارت مسائل حل کرنے اور امن پیدا کرنے میں قیادت کرے گا۔امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں کی۔دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدمات قابل تعریف ہیں۔جب کہ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ بھارت سے قبل ہی مودی حکومت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا، امریکی صدر نے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ بھارت کے ساتھ کوئی بڑا تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے۔