نجی شعبے کے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پاکستانی معیشت کا نائن الیون ہے‘ شہباز شریف

بجلی اورگیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، 15 فیصد مہنگائی معیشت کیلئے کرونا وائرس کی طرح مہلک ہے‘ صدر (ن) لیگ

منگل 25 فروری 2020 12:18

نجی شعبے کے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پاکستانی معیشت کا نائن الیون ہے‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے نجی شعبے کے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی شعبے کے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پاکستانی معیشت کا نائن الیون ہے ،رواں مالی سال کے سات ماہ کی یہ صورتحال معاشی تباہی وبربادی کی دہائی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بنک کی رپورٹ حکومتی معاشی دعوئوں کو جھوٹ ثابت کررہی ہے ،نجی شعبے کا بنکوں سے قرض نہ لینا ثبوت ہے کہ ملک میں معیشت کا پہیہ رک چکا ہے ،13.25 فیصد کی بلند ترین شرح سود پر فیکٹری، کارخانہ تو دور ریڑھی بھی نہیں لگ سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اورگیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، 15 فیصد مہنگائی معیشت کے لئے کرونا وائرس کی طرح مہلک ہے ،معاشی حکمت عملی سوچے بغیر 12000 ارب قرض قوم سے سنگین غداری اور ظلم ہے ،کرپشن اورچوری میں اضافہ، نااہلی، نالائقی معاشی تباہی کی آگ پر تیل کاکام کررہی ہے ،معیشت کومے میں ہے، ہنگامی اقدامات نہ ہوئے تو مریض کا زندہ بچنا مشکل ہوگا۔