نامعلوم سعودی نے ضمیر کی خلش سے مجبور ہو کر چُرائی گئی رقم لوٹا دی

سعودی شخص نے 10 سال قبل اپنے دوست کے 300ریال چُرائے تھے، جو اس نے دوست کی گاڑی میں ایک لفافے کے اندر معافی نامے کے ساتھ رکھ دیئے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 فروری 2020 12:07

نامعلوم سعودی نے ضمیر کی خلش سے مجبور ہو کر چُرائی گئی رقم لوٹا دی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2020ء) سعودی عرب میں ایک شخص نے ضمیر کی آواز سُنتے ہوئے اپنے دوست کے ساتھ کی گئی دھوکا دہی کا ازالہ کر دیا۔ اُردو نیوز کے مطابق ایک سعودی شخص نے اپنے دوست کے چُرائے گئے 300ریال اُسے دس سال بعد لوٹا دیئے اور ساتھ میں رقم چُرانے پر ایک معافی سے بھرا خط بھی رکھ دیا۔ ایک سعودی شخص نے مقامی اخبار کو بتایا کہ کوئی نامعلوم شخصمیری گاڑی کے ہینڈل پر ایک لفافہ چسپاں کر گیا تھا۔

جب میں نے لفافہ دیکھا تو اس میں ایک پرچہ اور 300 ریال موجود تھے۔ معذرتی خط میں تحریر تھا کہ میرے محترم امید کرتا ہوں آپ مجھے معاف کر دیں گے، 10 برس سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے۔ میں نے آپ کو دھوکا دے کر آپ کے 300 ریال ہتھیا لیے تھے، آج میں اپنے ضمیر کے ہاتھوں مجبور ہو کر ماضی میں آپ سے لوٹی گئی رقم آپ کو واپس کر رہا ہوں، اس امید پر کہ آپ مجھے معاف کر دیں گے، اللہ آپ کی حفاظت اور عمر میں برکت عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

شہری کے مطابق اسے گاڑی کے دروازے پر لفافہ ملا۔شہری کا کہنا تھا کہ ’خط اور اس میں رکھے نوٹ دیکھ کر مجھے کچھ یاد نہیں آیا تاہم جس نے بھی وہ لفافہ رکھا تھا، وہ میرے لیے ہی تھا کیونکہ مخاطب کرنے والے نے میرا نام بھی تحریر کیا تھا جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ میرے لیے ہی ہے۔شہری کا کہنا تھا کہ ’اگرچہ رقم کوئی خاص نہیں تھی تاہم یہ اچھی بات ہے کہ وہ جو کوئی بھی تھا اس نے اللہ کے خوف سے سیدھی راہ اختیار کر نے کی ٹھانی ہے جو مستحسن اقدام ہے۔‘یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوا ہے، جس پر صارفین نے اس شخص کو بہت سراہا ہے کہ بے شک اس نے ایک غلط کام کیا تھا، مگر اس کا ضمیر جاگ گیا جس کے بعد اس نے اپنے توبہ کی غرض سے رقم واپس کر دی۔ انشاء اللہ تعالیٰ اس شخص کو ضرور معافی ملے گی۔