سر ویوین رچرڈز کوصدارتی اعزاز دیا جائے:ندیم عمر

پاکستان میں کرکٹ کی بحالی پر مایہ ناز ویسٹ انڈین کرکٹرکو صدارتی ایوارڈ سے نوازا جائے۔:مالک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 فروری 2020 12:17

سر ویوین رچرڈز کوصدارتی اعزاز دیا جائے:ندیم عمر
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25فروری2020ء ) پی ایس ایل چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرزز نے صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے سابق ویسٹ انڈین کپتان سرویوین رچرڈز کو صدارتی اعزاز دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ فرنچائز کے مالک ندیم عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی پر سر ویوین رچرڈز کو صدارتی ایوارڈ سے نوازا جائے۔واضع رہے کہ پشاور زلمی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں سب سے کلیدی کردار اور پاکستان سے محبت کے اعتراف میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کے لیے اعزازی شہریت اور اعلی ترین سول ایوارڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا تھا کہ ڈیرن سیمی کی پاکستان کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں ، شہریت اور اعلی ترین سول ایوارڈ ڈیرن سیمی اور پشاور زلمی کے لیے باعث اعزاز ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں سب سے کلیدی کردار اور پاکستان سے محبت کے اعتراف میں صدر عارف علوی کی جانب سے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کے لیے اعزازی شہریت اور اعلی ترین سول ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹویٹ کیا کہ صدر مملکت کی جانب سے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان کرکٹ کے بے پناہ خدمات پر اعزازی شہرت اور اعلی ترین سول ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔ جاوید آفریدی نے کہا تھا کہ پاکستان سے محبت کرنیوالے ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت ملنا پشاور زلمی اور پاکستان کے تمام کرکٹ شائقین کے لیے باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ڈیرن سیمی کو پاکستان کا اعلی ترین سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ صدر مملکت کا حقیقت میں کرکٹ اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کے جذبات و احساسات کی عکاس ہے۔بلاشبہ اس مرد میدان کی خدمات پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لئے ناقابل فراموش ہیں۔ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں یہ اعزاز پشاور زلمی کے حصے میں آیا کہ اسکے کپتان ڈیرن سمی کو حکومت پاکستان کی جانب سے اعلے ترین سول ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ہم اپنے چاہنے والوں اور حکومت پاکستان کے اس عزت کے لئے شکر گزارہیں۔ پی ایس ایل ٹو کے فائنل میں پشاور زلمی کا پورا اسکواڈ ڈیرن سیمی کی قیادت میں لاہور آیا تھا اور اس فائنل میں جہاں پشاور زلمی نے تاریخی کامیابی حاصل کی تھی وہیں ڈیرن سیمی اور پشاور زلمی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا بڑا قدم رکھاتھا۔ ڈیرن سیمی اپنی پشتو اور اردو ٹویٹس کے ذریعے پاکستانی شائقین کے دل میں بستے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹونٹی کا عالمی چیمین بنانے والے ڈیرن سیمی کو ان کے پاکستانی شائقین ڈیرن سیمی خان کے نام سے پکارتے ہیں۔