Live Updates

عمران خان کی حکومت کا ’ریلو کٹے‘ ڈیرن سیمی کی پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات کا اعتراف

2017ء میں اسوقت عمران خان نےپاکستان آنیوالےکھلاڑیوں کو’ریلو کٹا‘قراردیتےہوئے کہا تھاکہ ان کھلاڑیوں کو تو کوئی جانتا ہی نہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 فروری 2020 13:09

عمران خان کی حکومت کا ’ریلو کٹے‘ ڈیرن سیمی کی پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل کھلاڑیوں کو عمران خان نے پہلے ریلو کٹا کہا اور اب ان ہی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی حکومت میں ایک کھلاڑی کو شہریت دینے کا فیصلہ کرلیا۔پی ایس ایل 2017ء میں جب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان کھلاڑیوں کو لیگ میں شامل کیا اور انہیں پاکستان لے کر آیا تو اس وقت اپوزیشن میں موجود عمران خان نے انہیں ’ریلو کٹا‘ کہا تھا۔

سب سے پہلے پاکستان آکر کھیلنے والوں میں ویسٹ انڈیز کو 2 مرتبہ 2012ء اور 2016ء میں ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹائٹل جتوانے والے کپتان ڈیرن سیمی بھی شامل تھے۔پاکستان میں کرکٹ کی واپسی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی آمد کے لیے، پی ایس ایل میں شامل کھلاڑی 2017ء میں اس وقت بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوئے جب انہيں پاکستان لایا گیا۔

(جاری ہے)

ان کھلاڑیوں کو پاکستان لانے میں اس وقت کے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی کاوشوں کو ملکی سطح پر تسلیم بھی کیا گیا لیکن اس وقت اپوزيشن میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان آنے والے کھلاڑیوں کو ’ریلو کٹا‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کھلاڑیوں کو تو کوئی جانتا ہی نہیں ہے۔

جب وقت بدلا اور عمران خان کی حکومت آگئی اور پوری لیگ ہی پاکستان میں آگئی تو تب بھی ڈیرن سیمی مسلسل پاکستان آنے والے کھلاڑیوں میں شامل رہے تھے۔اس عرصے میں وہ پاکستان کی ہر دلعزيز شخصیت اور جانے مانے نام بن چکے تھے، پاکستان میں کرکٹ کی واپسی اور ملک کا سافٹ امیج روشن کرنے کی خدمات پر انہی عمران خان کی حکومت نے جو پہلے سیمی کو ریلو کٹا کہہ چکے تھے،پاکستان کی شہریت دینے کا اعلان کردیا۔واضح رہے کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی ڈیرن سیمی کو اس اعزاز سے 23 مارچ کو نوازيں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات