قطری سفیرکی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو امریکہ طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی خصوصی دعوت

منگل 25 فروری 2020 13:57

قطری سفیرکی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو امریکہ طالبان امن معاہدے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2020ء) قطری سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 29 فروری کو دوحہ میں امریکہ طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی خصوصی دعوت دی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے قطری سفیر صقر بن مبارک نے دفترخارجہ میں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر خارجہ کو دوحہ میں امریکا طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں قطری ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ جناب شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی کی جانب سے شرکت کی دعوت دی ۔

قطری سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو خصوصی دعوت نامہ پیش کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، امریکہ طالبان معاہدے سے متعلق اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔ پاکستان کا ہمیشہ سے مؤقف رہا ہے کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان اور قطر کا کلیدی کردار ہے۔ آ ج دنیا پاکستان کا مؤقف تسلیم کر رہی ہے۔ پاکستان پرامید ہے کہ امن معاہدے پر دستخط انٹرا افغان مذاکرات کی طرف لے جائیں گے۔