Live Updates

سابقہ حکمرانوں کی معیشت کیخلاف مہم جوئی کیوجہ سے ملک کا دیوالیہ نکل گیا ‘ جمشید اقبال چیمہ

اپنے مقاصد کیلئے ’’ میثاق معیشت ‘‘ کا ڈھنڈورا پیٹنے والے آج کہاں ہیں ، ان کے چہرے بے نقاب ہو چکے

منگل 25 فروری 2020 14:41

سابقہ حکمرانوں کی معیشت کیخلاف مہم جوئی کیوجہ سے ملک کا دیوالیہ نکل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی معیشت کیخلاف مہم جوئی کی وجہ سے ملک کا دیوالیہ نکل گیا ،اپوزیشن کی توجہ ’’ملک بچائو ‘‘ نہیں بلکہ ‘‘لیڈر بچائو ‘‘ پر مرکوز ہے ،اپنے مقاصد کیلئے میثاق معیشت کا ڈھنڈورا پیٹنے والے آج کہاں ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صنعتکاروں اورپارٹی رہنمائوں کے وفود سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکومت کی کاسمیٹیکس پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کی بنیاد یںاس قدر کھوکھلی ہو گئی تھیں کہ پاکستان کو معاشی طور پر اپنی بقاء کا خطرہ لا حق تھا ۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کی اقتصادی ٹیم نے غیر معمولی فیصلے کر کے حالت نزاع میں گئی ہوئی معیشت کی سانسیں بحال کیں۔

(جاری ہے)

گھمبیر حالات میں دوست ممالک کی جانب سے جس قدر تعاون دیا گیا ہے پاکستانی قوم ان کی شکر گزار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسحاق ڈار نے معیشت کو توانا کیا تھا تو آج ملک سے فرار کیوں ہیں ،واپس آ کر قوم کو بتائیں اوراگر وہ سچے ہوئے تو ہم ان کی تحسین کریں گے ۔ حقیقت یہ ہے کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دیکھا کہ عوام انہیں آئندہ انتخابات میں مسترد کر دیں گے تو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت معیشت کیخلاف مہم جوئی کر کے ملک کا دیوالیہ نکالا گیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت تمام سیکٹرز پر فوکس کئے ہوئے ہے تاکہ ہماری گروتھ بڑھے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ معیشت کو بھی سنبھالا ملے گا ۔ حکومت نے کسی بھی سیکٹر پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا بلکہ اصلاحات کے ذریعے بہتری لائی جارہی ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات