کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کی نجکاری کا تمام عمل جلد اور شفاف اندازمیں مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 25 فروری 2020 15:57

کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کی نجکاری کا تمام عمل جلد اور شفاف اندازمیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2020ء) کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) نے نجکاری کا تمام عمل جلد اور شفاف اندازمیں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مقررہ نظام الاوقات میں اس حوالہ سے تمام اہداف کا حصول ممکن ہو سکے، ایس ایم ای بینک لمیٹڈ اور پاک انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے 20 فیصد نجکاری کے حوالہ سے تیز تر پیشرفت جاری ہے اور نجکاری کا عمل مقررہ نظام الاوقات کے اندر مکمل ہو جائے گا، 747 میگاواٹ گدو پاور پلانٹ کی نجکاری کیلئے مالیاتی مشیروں کی طرف سے اظہار دلچسپی کے خطوط موصول ہو چکے ہیں۔

کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس منگل کو یہاں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ ڈویژن میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے آغاز میں کمیٹی کو حکومت کے نجکاری پروگرام کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کو ایس ایم ای بینک لمیٹڈ اور پاک انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے 20 فیصد نجکاری کے عمل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ اس حوالہ سے تیز تر پیشرفت جاری ہے اور نجکاری کا عمل مقررہ نظام الاوقات کے اندر مکمل ہو جائے گا۔

پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے ضمن میں کمیٹی نے نجکاری کمیشن کو تمام معیاری ضابطہ جات کو باضابطہ اور احسن انداز میں یقینی بنانے اور اس عمل کو آنے والے مسائل سے حکومت آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔ 747 میگاواٹ گدو پاور پلانٹ کی نجکاری کی تجویز پر وزارت نجکاری کی طرف سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ اب تک مالیاتی مشیروں کی طرف سے اظہاردلچسپی کے خطوط موصول ہو چکے ہیں اور تجاویز کی درخواستوں (ریکویسٹ فارپروپوزل) کیلئے پارٹیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں لین دین سے متعلق دیگر امور بھی زیرغور آئے۔ کابینہ کی کمیٹی نے ہدایت کی کہ نیپرا، پاورڈویژن، وزارت خزانہ اور وزارت نجکاری کے درمیان اس پراجیکٹ پرمزید بحث ومباحثہ کی ضرورت نہیں ہے۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں اس حوالہ سے ٹھوس تجاویز پیش کئے جائے تاکہ مقررہ نظام الاوقات کے اندر معاملات طے پائے۔آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے حصص کی نجکاری کے ضمن میں کمیٹی نے قرار دیا کہ اس معاملے پر مزید بحث ومباحثہ کی ضرورت ہے۔

کمیٹی نے وزارت توانائی کو آئندہ اجلاس میں وزارت توانائی سمیت تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اس معاملے پر پریزنٹیشن پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے نجکاری کا تمام عمل جلد اور شفاف انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ مقررہ نظام الاوقات میں اس حوالہ سے تمام اہداف کا حصول ممکن ہو سکے۔