بہت برے حالات دیکھے ،زندگی میں کبھی مایوس نہیں ہوا: رانافواد

کماتا باہر ہوں لیکن خرچ پاکستان پر کرتا ہوں جس پر خوشی ہوتی ہے: مالک لاہور قلندرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 فروری 2020 16:27

بہت برے حالات دیکھے ،زندگی میں کبھی مایوس نہیں ہوا: رانافواد
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)میں شامل لاہور قلندر زکے مالک فواد رانا نے کہا ہے کہ زندگی میں کبھی مایوس اور نا امید نہیں ہوتا، کئی مرتبہ انتہائی برے حالات بھی دیکھے ہیں لیکن محنت کا ہنر ہونے کی وجہ سے رب کی ذات دوبارہ میرا ہاتھ پکڑ لیتی ہے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ میں کماتا باہر سے ہوں لیکن خرچ پاکستان میں کرتا ہوں اور مجھے خوشی ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 22سال کی عمر تک میرا کوئی دوست نہیں تھا اور میری ماں میری آئیڈیل اور دوست تھیں، انہوں نے مجھے کہا تھاکہ زندگی میں کبھی جھوٹ نہ بولنا اور محنت سے نہ گھبرانا اور میں نے اس بات کو اپنے پلے باندھ لیا ہے ۔ فواد رانا نے کہا کہ اگرکوئی یہ کہے کہ میں مشکل حالات یا ناکامی سے مایوس یا نا امید ہو جاتا ہوں تو ایسا نہیں ہے ، میں جو بھی کام کرتا ہوں خوشی سے کرتا ہوں اور اسے انجوائے کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

میں زندگی میں کئی بار نیچے گیا ، ایسا بھی ہوتا تھاکہ عملے کو تنخواہ دینے کے پیسے نہیں ہوتے تھے لیکن پھر خدا کی ذات نے ہاتھ پکڑا اور میں اوپر آ گیا۔ یاد رہے کہ لاہورقلندرز پی ایس ایل کے پہلے 4 ایڈیشنز میں آخری نمبر پر آئی تھی اور اس سال بھی اپنے پہلے دونوں میچز میں شکسست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہی کھڑے ہیں۔