دلبرداشتہ ننھے فین کو لاہورقلندرز سے ملاقات کی دعوت

لاہور کو اسلام آباد کے ہاتھوں شکست کے بعد بچے نے فرنچائز سے اظہار لاتعلقی کردیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 فروری 2020 18:03

دلبرداشتہ ننھے فین کو لاہورقلندرز سے ملاقات کی دعوت
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی اسلام آباد یونائٹیڈ کے ہاتھوں شکست پر دلبرداشتہ ہونے والے قلندرز کے ننھے فین کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے بچے کو اسٹیڈیم آکر میچ دیکھنے اور قلندرز سے ملاقات کی دعوت دے دی۔لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ قلندرز کی انتظامیہ بچے سے رابطے کی کوشش کر رہی ہے، خواہش ہے کہ وہ بچہ اسٹیڈیم آکر میچ دیکھے اور قلندرز سے ملاقات کرے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لاہور قلندرز کے ایک ننھے مداح نے فرنچائز سے اظہار لاتعلقی کر دیا تھا۔سوشل میڈ یا پر وائرل ویڈیو میں بچہ روتے ہوئے کہ رہا ہے کہ عثمان شنواری نے ہمیں ہی مار دیا، وہ اوور شاہین آفریدی کو دینا تھا ،اس نے پہلے بھی آؤٹ کیے ہوئے تھے ، اس موقع پر بچے کے ساتھ بیٹھے آدمی نے اسے مشورہ دیا کہ وہ اب لاہور قلندرز کی حمات چھوڑ کر ملتان سلطانز کے ساتھ ہوجائے جس پر بچے نے واضح الفاظ میں کہا کہ میں لاہور قلندر ز کو کیوں چھوڑوں اور ملتان کیو ںآ ؤں ۔

(جاری ہے)

بچے نے لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ایک ،دو چھکے مار کر آؤٹ ہوگیا ،اس کامزید کہنا تھا کہ میں شاہد آفریدی کے ساتھ ہوں ،اس نے گزشتہ میچ میں چھکا مارا لیکن وہ باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوتے ہوتے بچا ۔اس موقع پر غصے میں بھرے بچے نے کہا کہ میں اب لاہور قلندرز کی جانب نہیں ہوتا ،انہیں دفع مارو،میں اب پاکستان کی طرف ہوں ۔
بچے کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد کراچی کنگز کے کوچ ڈین جونز اور پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی نے بچے کو فرنچائز بدلنے کی پیشکش کی تھی۔