خصوصی افراد کے لئے مختص پانچ فیصد ملازمتوں کے کوٹے پر عمل درآمد کے لئے سیل قائم کیا جائے گا،سید قاسم نوید قمر

منگل 25 فروری 2020 18:23

خصوصی افراد کے لئے مختص پانچ فیصد ملازمتوں کے کوٹے پر عمل درآمد کے ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2020ء) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ میں خصوصی افراد کے لئے ملازمتوں کے مختص پانچ فیصد جاب کوٹہ پر عمل درآمد کروانے کے لئے ایک خصوصی سیل قائم کرنے جا رہا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ سرکاری اور نجی شعبے میں خصوصی افراد کے لئے ملازمت کے لئے پانج فیصد کوٹے پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کروایا جاسکے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر محکمہ بحالی خصوصی افراد غلام نبی نظامانی ، ایڈوکیٹ شبیر شاہ ، عمیر احمد اور دیگر اسٹیک ہولڈرز بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پانچ فیصد جاب کوٹہ نفاذ سیل کے قیام کا مقصد سرکاری اور نجی شعبے میں خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے کیونکہ متعدد حلقوں سے متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ خصوصی افراد کے لئے مختص پانچ فیصد ملازمت کوٹے پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا۔

سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے خصوصی افراد کے لئے سرکاری اور نجی شعبے میں ملازمتوں کے کوٹہ کو دو فیصد سے بڑھا کر پانچ فیصد کردیا ہے جو ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مذکورہ پالیسی کے نفاذ کے لئے بھی قواعد وضوابط تیار کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر کے مطابق سخت پالیسی کے ذریعے ہم اپنا مقصد حاصل کرسکتے ہیں ، ورنہ خصوصی افراد اپنے جائز حقوق سے محروم ہو سکتے ہیں۔

اجلاس میں سرکاری اور نجی شعبے میں خصوصی افراد کے لئے پانچ فیصد جاب کوٹہ کے نفاذ کے سلسلے میں متعدد آپشنز زیربحث آئے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے میڈیا ، سیمینارز ، واکز اور دیگر ذرائع کے ذریعے متعلقہ حلقوں میں آگاہی پیدا کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ ہمیں خصوصی افراد کو معاشرے میں ان کا جائز حق دلانے کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :