عدلیہ کے فیصلے اور قانونی تقاضوں کے مطابق تمام رپورٹس جمع کروا دی گئیں ہیں ، عمران مافیا تماشے بند کرے ‘مریم اورنگزیب

وزیراعظم نواز شریف کا علاج ان کے ڈاکٹرز کی ہدایت پر ہو رہا ہے اور جیسے ان کے ڈاکٹرز بہتر سمجھیں گے علاج ویسے ہو گا‘ترجمان (ن) لیگ

منگل 25 فروری 2020 19:01

عدلیہ کے فیصلے اور قانونی تقاضوں کے مطابق تمام رپورٹس جمع کروا دی گئیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کا علاج ان کے ڈاکٹرز کی ہدایت پر ہو رہا ہے اور جو اور جیسے ان کے ڈاکٹرز بہتر سمجھیں گے علاج ویسے ہو گا ۔عدلیہ کے فیصلے اور قانونی تقاضوں کے مطابق تمام رپورٹس جمع کروا دی گئیں ہیں ، عمران مافیا تماشے بند کرے ۔

عمران مافیا نے پنجاب حکومت پہ دبا ڈال کر زبردستی آج کا فیصلہ کروایا ہے ۔انہوںنے کہاکہ نوازشریف کو عدلیہ نے علاج کرانے کی اجازت دی، حکومت کے قاتلانہ ارادوں کے بارے میں کوئی شک نہیں ،ملک وقوم کی خدمت ومحبت میں کوئی نوازشریف کا مقابلہ نہیں کرسکتا،ابن الوقت کرپٹ ٹولہ نامراد تھا، ہے اور رہے گا، عمران مافیا کی ذہنی حالت دیکھ کر ترس آتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کرپٹ، چور، نالائق اور نااہل عمران مافیا کی سیاست نواز شریف اے شروع اور نواز شریف پہ ختم ہوتی ہے۔ملک کی ترقی ، معیشت کاروبار، روزگار ، آٹا اور چینی چوری کرنے والے ملک کے تین دفعہ منتخب وزیراعظم کی صحت پہ سیاست کر رہے ہیں۔وزیراعظم نواز شریف نے ملک کو ترقی ، سی پیک ، کاروبار ، روزگار ، موٹر وے ، روشنیاں ، امن دیا ۔ملک کا کاروبار، روزگار، معیشت تباہ کرنے والا عمران مافیا صرف نواز شریف کی صحت پہ سیاست کر سکتا ہے ۔

نوازشریف نے مہنگائی کم کی، قوم کا قرض اتارا، بجلی، گیس دی، موٹرویز دیں ۔عمران مافیا اس وزیراعظم کی صحت پہ سیاست کر رہا ہے جس نے اِس ملک کے اندھیرے مٹائے ۔عمران مافیا اس وزیراعظم کی صحت پہ سیاست کر رہا ہے جس نے اِس ملک کو ایٹمی قوت بنایا ۔نوازشریف کی صحت پر سیاست کرنے والوں کے سینے حسد، بغض اور انتقام سے جلتے ہی رہیں گے ۔نوازشریف کو اللہ تعالی کا سہارا اور قوم کی محبتیں اور دعائیں ہیں ۔نوازشریف کے حاسدین کے لئے عوام کی بدعائیں، نفرت اور انتقام میں جلتے رہنا لکھا ہے۔وزیراعظم نوازشریف صحت یاب ہوکر انشااللہ جلد لوٹیں گے۔