حکومت کے پاس ضمانت کی منسوخی کا اختیار نہیں، مصدق ملک

نواز شریف کو دل، شریانوں کی تکلیف، کڈنی اور شوگر کا مرض لاحق ہے، گفتگ

منگل 25 فروری 2020 19:01

حکومت کے پاس ضمانت کی منسوخی کا اختیار نہیں، مصدق ملک
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس نواز شریف کی ضمانت منسوخی کا اختیار نہیں ہے۔پنجاب کابینہ کے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی ضمانت میں توسیع نہ دینے کے فیصلے پر مصدق ملک نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت پنجاب حکومت نے نہیں عدالت نے دی ہے، حکومت کے پاس ای سی ایل میں نام ڈالنے یا نکالنے کا اختیار ہے، حکومت کے پاس ضمانت کی منسوخی کا اختیار نہیں ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ پنجاب کابینہ کی ضمانت منسوخی سے متعلق سفارشات عدالت میں جائیں گی، پنجاب حکومت نے اپنے ہی فیصلے کو چیلنج کیا اور یوٹرن لیا ہے، نواز شریف کو مختلف نوعیت کی بیماریاں لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو دل، شریانوں کی تکلیف، کڈنی اور شوگر کا مرض لاحق ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللّٰہ نے پنجاب کابینہ کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت فیصلہ نہیں کرتی تب تک ضمانت میں توسیع تصور ہوگی، فیصلے کے مطابق اگر پنجاب حکومت توسیع نہیں دیتی تو دوبارہ ہائیکورٹ سے رجوع کرنا ہوگا۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب حکومت کے فیصلے پر نواز شریف کی قانونی ٹیم سے مشورہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے فیصلے کی کاپی موصول نہیں ہوئی، کاپی ملنے کے بعد فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔