امریکی وزیرتجارت ایک روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے

امریکی وزیر تجارت وزیراعظم اور سرکاری حکام کے درمیان ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی کا معاملہ زیر غور آئے گا۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 فروری 2020 19:25

امریکی وزیرتجارت ایک روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری 2020ء) امریکی وزیرتجارت ایک روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے، امریکی وزیر تجارت وزیراعظم اور سرکاری حکام کے درمیان ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی کا معاملہ زیر غور آئے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیرتجارت ولبررووس ایک روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے، دورے کے دوران پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی کا معاملہ زیر غور آئے گا، امریکی وزیرتجارت وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ امریکی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد کی تجویز پر بھی بات ہوگی۔ پاک امریکا بزنس فورم کوٹیفا کا اجلاس جلد منعقد کرنے کے معاملے پر بات ہوگی۔

(جاری ہے)

امریکی وزیرتجارت پاک امریکا تجارت بڑھانے پر بات چیت کریں گے۔ امریکی وزیرتجارت وزیراعظم کے معاون خصوصی پٹرولیم سے بھی ملاقات کریں گے۔ مشیرخزانہ حفیظ شیخ اور مشیر تجارت رزاق داؤد سے بھی ولبر رووس ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت کے دورے پر ہیں، امریکی صدر نے پاکستان کی تعریف کی اور مودی سرکار کو کشمیر پر ثالثی کی پیشکش بھی کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امریکی صدرکا پاکستانی کاوشوں کا اعتراف بڑی سفارتی کامیابی ہے، کابینہ ارکان سوشل میڈیا پر سفارتی کامیابیوں کو اجاگرکریں، بھارت کے پاکستان مخالف مذموم عزائم خاک میں مل گئے۔

اسی طرح غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر بھارتی دورے کے دوران نریندر مودی کی تعریفیں کرنے اور چین کو خطرہ قرار دینے کی باتیں کرنے کے بعد بھارت کو تین ارب ڈالر کے جنگی ہتھیار فروخت کرنے میں کامیاب ہوگئے۔مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت، امریکا سے 3 ارب ڈالر کے جنگی جہاز اور دیگر فوجی آلات خریدے گا۔

امریکی صدر کے مطابق جنگی آلات کے معاہدے سمیت امریکا اور بھارت ایک بڑے تجارتی معاہدے پر بھی پیش رفت کرنے جا رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ بھارت، امریکا سے میزائل ٹیکنالوجی سمیے 24 سی ہاک اور 6 اپاچے ہیلی کاپٹرز خریدے گا جن کی مالیت 2 ارب 60 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔امریکی صدر کے مطابق مذکورہ سودے کے علاوہ بھی دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبہ جات میں کاروبار کے مواقع بڑھائے جائیں گے۔