نئی دہلی میں ہندوانتہا پسندوں نے مسجد پر حملہ کردیا

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں آر ایس ایس کے غنڈوں کے حملوں میں مزید شدت آگئی

Ahmad Tariq احمد طارق منگل 25 فروری 2020 19:35

نئی دہلی میں ہندوانتہا پسندوں نے مسجد پر حملہ کردیا
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری 2020ء) دہلی کے علاقے اشوک نگر میں ہندوانتہا پسندوں نے مسجد پر حملہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں انتہا پسند ہندوؤں کے حملوں میں مزید شدت آگئی۔ آر ایس ایس کے غنڈوں نے دہلی میں مساجد کو بھی شہید کرنا شروع کردیا۔ ہندوانتہا پسندوں نے اشوک نگر کی مسجد میں لاؤڈ اسپیکر اکھاڑ دیئے اور مینار پر بھارتی جھنڈے لہرا دیئے۔

دہلی میں آر ایس ایس کے غنڈوں نے مسلمانوں کے گھروں کو بھی جلا کر راکھ کردیا۔ اس حوالے سے مسلمانوں کو کہنا ہے کہ نئی دہلی پولیس نے انتہا پسند ہندوؤں کو روکنے کی بجائے ان کا ساتھ دیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت کے دوران دارالحکومت دہلی میدان جنگ بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

شمالی دہلی میں ہندو مسلم فسادات پھوٹ پڑے ہیں۔

بجھن پورا میں شہریت کے متنازع کالے قانون کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، مشتعل افراد نے گاڑیوں اور دوکانوں کو نذر آتش کر دیا، جھڑپوں کے دوران فائرنگ سے اب تک 11 افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ مودی کی مسلمانوں کے خلاف بھڑکائی گئی نفرت کی آگ نے بھارت کو ہی لپیٹ میں لے رکھا ہے، شمالی مشرقی دہلی میں فسادات پھوٹ پڑے ہیں۔

انتہا پسند ہندوؤں نے ایک مزار کو بھی آگ لگا دی، ہندوؤں نے موج پور اور جعفرآباد میں مسلمانوں کے گھر اور دکانیں جلا دیں، مظاہرین کا پتھراؤ کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ پولیس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے پیرا ملٹری فورس طلب کر لی گئی ہے۔ جعفرآباد میں میٹرو اسٹیشن پر متنازع قانون کے خلاف خواتین نے دھرنا دیا، پولیس نے خواتین کو منتشر کرنے کیلئے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب نئی دہلی کے بعد لکھنؤمیں بھی مسلمان سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور مودی سرکار کیخلاف شدید نعرے بازی کر رہے ہیں۔