پنجاب کابینہ نے نوازشریف کی توسیع معطلی سزا کی درخواست مسترد کردی

پنجاب وائلڈ لائف (پروٹیکشن، پریزرویشن ، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ) ترمیمی ایکٹ 2007کے سیکشن 2(S) ، 21 اور 38 میں ترامیم کا فیصلہ غیر قانونی شکار پر جرمانے اور سزائوں میں اضافے اورسرپلس کالے ہرن، چنکارا اور نیل گائے کے شکار کی اجازت دینے کا فیصلہ کرونا وائرس کے باعث ہمسایہ ملکوںمیں پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر ضروری حفاظتی تدابیر پر موثر انداز میں عملدرآمد کا فیصلہ عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے،مافیا جہاں بھی موجود ہے، اسے کچلنا ضروری ہے،عثمان بزدار

منگل 25 فروری 2020 21:39

پنجاب کابینہ نے نوازشریف کی توسیع معطلی سزا کی درخواست مسترد کردی
لاہور۔25 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2020ء) پنجاب کابینہ نے نوازشریف کی درخواست برائے معطلی سزا میں توسیع کی درخواست مسترد کردی، منگل کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں تمام جزئیات، معروضی حالات اورنوازشریف کی میڈیکل رپورٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے اتفاق رائے سے توسیع معطلی سزا کی درخواست کومسترد کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

پنجاب کابینہ کو بریفنگ میںبتایاگیا کہ میڈیکل بورڈاورخصوصی کمیٹی کی طرف سے بارہا یاددہانی کے باوجود نوازشریف کی مطلوبہ میڈیکل رپورٹس فراہم نہیں کی گئیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیاکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزراء راجہ بشارت اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی سربراہی میں 11 فروری کو خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی۔

(جاری ہے)

19 ، 20 اور 21 فروری کو کمیٹی کے یکے بعد دیگرے تین اجلاس منعقد ہوئے۔

21 فروری کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڑ خود اور ڈاکٹر عدنان سکائپ پر شریک ہوئے۔بریفنگ میں کہا گیاکہ نواز شریف کے نمائندوں نے نئی تصدیق شدہ میڈیکل رپورٹس جمع کرانے کی بجائے پرانی میڈیکل رپورٹس کو ہی حتمی قرار دینے پر اصرار کیا۔خصوصی کمیٹی کی رپورٹ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی اورپنجاب کابینہ نے نوازشریف کی درخواست برائے توسیع معطلی سزا کواتفاق رائے سے مسترد کردیا۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب وائلڈ لائف (پروٹیکشن، پریزرویشن ، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ) ترمیمی ایکٹ 2007کے سیکشن 2(S) ، 21 اور 38 میں ترامیم کا فیصلہ کیاگیا۔صوبائی کابینہ نے پنجاب وائلڈ لائف (پروٹیکشن، پریزرویشن ، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ) ترمیمی ایکٹ 2007 میں ترمیم کی منظوری دے دی،جس کے تحت صوبے میں جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے غیر قانونی شکار پر جرمانے اور سزائوں کی شرح میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیاگیاکہ یکم نومبر 2020 سے شروع ہونے والے ہنٹنگ سیزن سے قبل غیر قانونی شکار پر جرمانے اور سزائیں مزید بڑھائی جائیں گی۔

اجلاس میں صحرائے چولستان میں سرپلس کالے ہرن، چنکارا اور نیل گائے کے شکار کی اجازت دینے کا فیصلہ کیاگیا۔کابینہ نے 62 سرپلس کالے ہرن، 21 چنکارا اور 27 نیل گائے کے شکار کی اجازت دینے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں دی پنجاب آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ترمیمی ایکٹ 2019 کی منظوری بھی دی گئی جبکہ پنجاب فشریز رولز 1965 میں ترمیم کی منظوری موخر کردی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جن ڈیمز سے پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے وہاں پر ماہی پروری کے باعث پانی آلودہ ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں لہذااس معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور محکمہ آبپاشی، صحت، پبلک ہیلتھ اور دیگر سٹیک ہولڈرز تمام جزئیات کا جائزہ لے کر اگلے کابینہ اجلاس میں حتمی سفارشات پیش کریں۔اجلاس میں کرونا وائرس کے باعث ہمسایہ ملکوںمیں پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر صوبہ بھر میں ضروری حفاظتی تدابیر پر موثر انداز میں عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ ادارے ہمہ وقت چوکس رہیں اور صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ صحت کامزید سٹاف ایئرپورٹس پر تعینات کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہمسایہ ممالک خصوصاً چین اورایران سے درآمد ہونے والی کھانے پینے والی اشیاء کی قلت کسی صورت نہیں ہونی چاہیئے۔انہوںنے ہدایت کی کہ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اس ضمن میں میٹنگ کرکے امور کا جائزہ لیں اور پیشگی اقدامات اٹھائیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ڈیڑھ برس کے دوران عوام کی خدمت کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں اور ہر فیصلہ مشاورت کے ساتھ کیا گیا ہے اور کیا جائے گا۔صوبے میں ون مین شو کے غلط کلچر کو اکھاڑ پھینکا ہے۔مشاورت سے کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آتے ہیں۔عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔حکومت کے بر وقت اقدامات اور بہترین فیصلوں سے مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔

پرائس کنٹرول کیلئے سیاسی و انتظامی ٹیم پہلے سے زیادہ جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔مافیا جہاں بھی موجود ہے، اسے کچلنا ضروری ہے۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 24 ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی۔صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔