زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں بائیوسیفٹی ورکشاپ کا انعقاد

منگل 25 فروری 2020 23:47

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2020ء) تحقیقاتی لیبارٹریوں میں کام کرنیوالے ماہرین اور ورکرزکے تحفظ کیلئے بائیوسیفٹی کے مروجہ پروٹوکول کی پابندی کے حوالے سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں بائیوسیفٹی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ شعبہ بائیو کیمسٹری کے زیراہتمام پاکستان بائیولاجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے نیو سینٹ ہال میں منعقدہ ورکشاپ کے مہمان خصوصی ڈین کلیہ سائنسز ڈاکٹر اصغر باجوہ تھے جبکہ مقررین میں ڈاکٹر محمد شاہد‘ ڈاکٹر خلیل الرحمن‘ ڈاکٹر سعدیہ اسلم نے شرکاء کو بائیوسیفٹی پروٹوکولز پر عملداری کے مختلف پہلوئوں سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔

ڈاکٹر محمد شاہد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بائیوسیفٹی جیسے اہم اور مفید موضوع پرشرکاء کی سوال و جواب کے ذریعے دلچسپی پروگرام کی افادیت کے دائرے کو مزید بڑھا دیتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خلیل الرحمن نے کہا کہ تحقیقاتی لیبارٹریوں میں مختلف کیمیکلز کے ساتھ کام میں مروجہ تمام حفاظتی اقدامات کئے جانے چاہئیں جس کیلئے بائیوسیفٹی ورکشاپ انتہائی مفید ثابت ہوگی۔

ڈاکٹر سعدیہ اسلم نے کہا کہ تحقیقاتی لیبارٹریوں میں کام کے دوران کیمیکلزکے استعمال میں معمولی کوتاہی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے لہٰذا سائنسی تحقیق کے دوران بائیوسیفٹی پیمانوں پر ہرگزسمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ورکشاپ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈین کلیہ سائنسز ڈاکٹر محمد ا صغر باجوہ نے مقررین اور شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :