سی این جی کی فی کلو قیمت میں 12 روپے تک کمی کا امکان

پرائیوٹ سیکٹر کو ایل این جی امپورٹ کرنے کی اجازت دینے کے بعد گیس کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی

muhammad ali محمد علی منگل 25 فروری 2020 21:13

سی این جی کی فی کلو قیمت میں 12 روپے تک کمی کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری2020ء) سی این جی کی فی کلو قیمت میں 12 روپے تک کمی کا امکان، پرائیوٹ سیکٹر کو ایل این جی امپورٹ کرنے کی اجازت دینے کے بعد گیس کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سی این جی کی قیمتوں میں زبردست کمی ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ ملک میں سی این جی کی فی کلو قیمت میں 10 سے 12 روپے تک کی کمی کا امکان ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اب تک حکومت کی جانب سے ایل این جی امپورٹ کی جا رہی ہے جس کی قیمت زیادہ ہے، تاہم اب حکومت ارادہ رکھتی ہے کہ پرائیوٹ سیکٹر کو بھی ایل این جی امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس حوالے سے حکومت باقاعدہ پالیسی تیار کر رہی ہے، جسے جلد نافذ کر دیا جائے گا۔ نئی ایل این جی پالیسی کے نفاذ سے ملک میں سی این جی سیکٹر کو سب سے زیادہ فائدہ ہو گا۔

(جاری ہے)

ناصرف سی این جی بلکہ دیگر گیسوں کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔ پرائیوٹ سیکٹر کو ایل این جی امپورٹ کرنے کی اجازت دینے سے عالمی مارکیٹ میں گیس کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف پاکستانی صارفین تک بھی پہنچ سکے گا۔ بتایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں ایل این جی کی قیمت دس سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے جس کے بعد پاکستان کے درآمدی بل میں مزید کمی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

امریکہ، یورپ اور ایشیائی ممالک میں معاشی سست روی کے باعث ایل این جی طلب میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے جبکہ رواں برس ایل این جی کے برآمد کندگان کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ یہ وجہ ہے کہ ایل این جی کی قیمت گذشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد کمی کے بعد 4 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سے بھی نیچے ٹریڈ کرنے لگی۔ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو گرمیوں میں قیمت 3 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یوسے بھی نیچے آنے کا امکان ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں ایل این جی کی قیمتوں میں کمی سے ایک طرف تو پاکستان کا درآمدی بل کم ہوگا جبکہ دوسری جانب پنجاب میں سی این جی کی قیمت میں بھی کمی کا امکان ہے۔